صدرکو جمہوریت اور وفاق کے استحکام پر خراج تحسین

ملکی تاریخ میں پہلی بار جمہوری حکومت نے اپنی مدت پوری کی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ


Numainda Express September 07, 2013
صدر نے مفاہمت سے ہارس ٹریڈنگ اور سیاسی انتقام ختم کیا، اراکین انسانی حقوق سیل فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے انسانی حقوق سیل نے صدر آصف علی زرداری کواپنے5سالہ دورِ صدارت جمہوریت اور وفاق کومستحکم کرنے پرزبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں پی پی انسانی حقوق سیل کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور سیل کے دیگر اراکین نے کہاکہ18ویں ترمیم، مکمل پارلیمانی طرزحکومت کی بحالی، آغاز حقوق بلوچستان پروگرام، صوبہ سرحد کے نام کی خیبر پختونخوا میں تبدیلی،متفقہ این ایف سی ایوارڈ، گلگت بلتستان کوصوبے کا درجہ دینا اور فاٹا میں سیاسی پارٹیوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق دینا وہ اقدامات ہیں جن سے وفاق کواستحکام حاصل ہوا ، صدر زرداری کی سربراہی میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جمہوری حکومت نے اپنی مدت پوری کی، ملک کو معاشی اور سلامتی کے بڑے مسائل درپیش تھے۔



ان کے دور میں پارلیمان کومضبوط کیاگیا اور پارلیمان نے متعدد قوانین منظور کیے جن میں بنیادی انسانی حقوق سے متعلق قوانین بھی شامل ہیں۔ ملک میں آزاد عدلیہ اورآزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں آیا۔ انھوں نے مفاہمت پرمبنی نیاسیاسی کلچر متعارف کرایا جس میں ہارس ٹریڈنگ اور سیاسی انتقام کا خاتمہ کیا اور اب توقع پیدا ہوگئی ہے کہ ملک میںاب غیرسیاسی قوتیںسیاست میں دخل اندازی نہیں کریں گی، پی پی انسانی حقوق سیل کے اراکین نے کہاکہ صدر زرداری کی مفاہمت کی پالیسی کے تحت مخلوط حکومت نے اپنی مدت کے5سال پورے کیے اور تمام سیاسی پارٹیوں کواپنے ساتھ رکھا۔ صدر زرداری وہ واحد پاکستانی صدر ہیں جنھوں نے6 مرتبہ پارلیمان سے خطاب کیا۔