انٹر کے ایڈمیشن داخلہ کمیٹی میرٹ لسٹ جاری کرنے میں ناکام

ستمبر کے پہلے ہفتے کے اختتام تک کسی فیکلٹی کی میرٹ لسٹ جاری نہ ہوسکی، ایک لاکھ طلبہ و طالبات اضطراب کا شکار


Safdar Rizvi September 09, 2013
امسال کالجوں میں تعلیمی دورانیہ 6 ماہ رہ جائے گا، مئی میں امتحانات کے سبب کلاسز اپریل میں ختم ہوجائیں گی،طلبا مجبوراً کوچنگ سینٹرز کا رخ کریں گے۔ فوٹو: عیسیٰ ملک/فائل

سرکاری کالجوں میں انٹر سال اول کے داخلوں کے لیے قائم مرکزی داخلہ کمیٹی ستمبر کے پہلے ہفتے میں فرسٹ ایئرکے داخلوں کے آغاز میں ناکام ہوگئی ہے۔

دعوئوں کے برعکس انٹرسال اول کے داخلوں کے سلسلے میں ستمبرکے پہلے ہفتے میں بھی کسی فیکلٹی کی میرٹ لسٹ جاری نہ ہوسکی،کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کے داخلوں میں گزشتہ سال کی طرح ایک بار پھر تاخیر ہوگئی ہے جس کے سبب میٹرک کے بعدانٹرسال اول میں داخلوں کے خواہشمند کراچی کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات میں اضطراب پایا جاتا ہے اور داخلوں میں غیرضروری تاخیر کے سبب طلبا اور ان کے والدین خدشات کا شکار ہیں اپنی ناقص حکمت عملی کے سبب مرکزی داخلہ کمیٹی داخلوں میں تاخیر پر قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے مرکزی داخلہ کمیٹی نے میٹرک بورڈ کے حکام کے ساتھ منعقدہ پہلے اجلاس میں انٹرسال اول کی پہلی داخلہ فہرست 28 اگست کوجاری کرنے کافیصلہ کیا تھا۔

تاہم اگست ختم ہونے کے بعد ستمبر کا پہلا ہفتہ بھی میرٹ لسٹ کے اجرا کے بغیر ہی گزرگیا یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی مرکزی داخلہ کمیٹی کی جانب سے انٹرسال اول کے داخلوں کے سلسلے میں پہلی میرٹ لسٹ 17 ستمبر کو جاری کی جاسکی تھی اور ابتدائی طور پر کمپیوٹرسائنس (میل؍فیمیل) اور پری انجینئرنگ (میل) کی داخلہ فہرست ایک ساتھ جاری کی گئی تھی''ایکسپریس''کو معلوم ہوا ہے کہ ستمبرکا پہلاہفتہ ختم ہونے کے بعد داخلہ کمیٹی اب تک صرف کمپیوٹر سائنس کی میرٹ لسٹ تیار کرپائی ہے اور اسے بھی جاری نہیں کیا جاسکا ہے اور امکان ہے کہ اسے ایک یا دو روز میں جاری کیا جائے گا، سندھ کے دیگر اضلاع میں میٹرک کے نتائج کے اجرا کے بعد انٹرسال اول کی تعلیم بھی شروع ہوچکی ہیں۔



جبکہ خود کراچی کے نجی کالج بھی داخلوں کاعمل مکمل کرکے فرسٹ ایئر کی تدریس شروع کی جاچکی ہے کراچی کے نجی کالجوں میں انٹرسال اول کی کلاسز موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد گزشتہ ماہ کے آخری عشرے سے ہی شروع ہوچکی ہیں، مرکزی داخلہ پالیسی میں منصوبہ بندی کے فقدان کے سبب سرکاری کالجوں میں داخلوں کے خواہشمند ایک لاکھ طلبا کے داخلوں کے سلسلے میں میرٹ لسٹ کے اجرا کا عمل اب تک شروع نہیں ہوسکا ہے۔

مرکزی داخلہ کمیٹی کو میرٹ لسٹ کے اجرا کا سلسلہ شروع کرناہے جوکم از کم 15روزتک جاری رہے گا اور اسی دوران کالجوں میں کلیم فارم بھی وصول کیے جانے ہیں جس کے بعد کالجوں میں باقاعدہ داخلے دیے جائیں گے اورامکان ہے کہ داخلوں میں تاخیر کے سبب گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی شہر کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کی کلاسز اکتوبر سے ہی شروع ہونگی جبکہ مئی میں امتحانات کے سبب اپریل میں کلاسز ختم ہوجائیں گی اورانٹرکے اس7 ماہ کے تعلیمی دورانیے میں موسم سرما کی 10روزکی تعطیلات کے علاوہ عیدالاضحیٰ سمیت دیگر تعطیلات بھی آئیں گی جبکہ ہفتہ وار2 تعطیلات کے سبب کالجوں میں تدریسی سلسلہ عملی طور پر6 ماہ ہی جاری رہ سکے گا اورکراچی کے طلبا 6 ماہ کالجوں میں پڑھ کر انٹرکے امتحان میں شریک ہوجائیں گے جس کے لیے انھیں مجبوراً کوچنگ سینٹرزکا سہارا لینا ہوگا۔

مقبول خبریں