سکینہ سموں نے اپنے کرداروں سے منفرد پہچان بنائی

شوبز رپورٹر  منگل 10 ستمبر 2013
ڈرامہ ’’عشق آتش‘‘سے شوبز میں قدم رکھا، جنگل اورحواکی بیٹی میں بہترین اداکاری کی۔  فوٹو : فائل

ڈرامہ ’’عشق آتش‘‘سے شوبز میں قدم رکھا، جنگل اورحواکی بیٹی میں بہترین اداکاری کی۔ فوٹو : فائل

لاہور:  پاکستانی ٹی وی ڈراموں میں اپنی بے مثل اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دلوں پر راج کرنے والی ورسٹائل اداکار سکینہ سموں نے 80ء کی دہائی میں شوبزکی دنیا میں قدم رکھا۔

انھوں نے کراچی مرکز سے فنی سفرشروع کیا تواس وقت ٹی وی ڈراموں میں کام کرنیوالے بہترین فنکاروں کی فہرست بہت طویل تھی، لیکن سکینہ سموں نے اپنی عمدہ اداکاری سے نا صرف سینئراورساتھی فنکاروں سے داد حاصل کی بلکہ ناظرین کی بڑی تعداد کواپنا گرویدہ بنا لیا۔ سکینہ سموں کے کیرئیر کا پہلا ڈرامہ ’’عشق آتش‘‘ تھا۔ اپنے پہلے ہی ڈرامے میں انھوں نے یہ ثابت کردیا تھا کہ وہ شوبز کی دنیا میں لمبی اننگز کھیلنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہیں۔

دیکھتے ہی دیکھتے سکینہ سموں کا شمارٹی وی کے مقبول ترین فنکاروںمیں ہونے لگا۔ شہرت کی بلندیوں کوچھونے میں ان کی ڈرامہ سیریل ’’دیواریں، جنگل اور حواکی بیٹی‘‘ میں حقیقت کے قریب تر اداکاری نے اہم کردار نبھایا۔

سندھ کی دھرتی سیہون شریف میں پیدا ہونے والی سکینہ سموں اپنے کرداروں کی وجہ سے منفرد پہچان بنانے میں کامیاب ہوئیں توکراچی کے مرکز کے تمام پروڈیوسرز اپنی سیریلز میں کاسٹ کرنے کے لیے رابطہ کرنے لگے۔ یہی نہیں پاکستان فلم انڈسٹری کی جانب سے بھی انھیں آفرزہوئیں لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پرایسا کچھ نہ ہوسکا۔ سکینہ سموں نے جہاں اردوزبان میں بننے والے ڈراموں میں اداکاری کے جوہردکھائے وہیں انھوں نے سندھی ڈراموںمیں بھی بہت سے یادگار کردار نبھائے جن کو لوگ آج بھی یاد رکھتے ہیں۔

سکینہ سموں نے اپنے کیرئیر کے دوران ایسے کردار اداکیے جن کا تعلق زیادہ ترلوگوں کی زندگیوں سے جڑا ہوتا تھا۔ سکینہ سموں نے اپنے کیرئیرکے عروج پرہی شوبزانڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا اوراپنی فیملی کے ہمراہ برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں۔ اس دوران ان کے چاہنے والے ہمیشہ یہ خواہش رکھتے تھے کہ وہ دوبارہ شوبز کی دنیامیں قدم رکھیں اوراپنی لازوال اداکاری کے جوہر دکھائیں۔ ان کے چاہنے والوں کی خواہش اس وقت پوری ہوئی جب سکینہ سموں نے چند برس قبل شوبز میں واپسی کا فیصلہ کیا اور اس وقت وہ اپنے کیرئیرکی دوسری کامیاب اننگز کھیل رہی ہیں۔ پرائیویٹ چینلز پران کے مختلف ڈرامے ٹیلی کاسٹ ہیں اورناظرین کی بڑی تعداد ان کو دیکھ کرخوب انٹرٹین ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔