آصفہ کے ووٹ کے اندراج سے ٹنڈالٰہیار کی سیاست میں ہلچل

مسلسل جیتنے والے پی پی ارکان کی سیاست کے خاتمے کا خدشہ، مقامی قیادت میں چہ میگوئیاں


Nama Nigar September 10, 2013
پی پی کے اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹنڈوالٰہیار ضلع کی مقامی قیادت میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ فوٹو: فائل

آصفہ بھٹو زرداری کے ضلع ٹنڈوالٰہیار میں ووٹ درج کرانے کے بعد پی پی کی مقامی قیادت میں ہلچل مچ گئی۔

کئی دہائیوں سے ضلع کی قومی اور صوبائی اسمبلی پر کامیاب ہونے والے ارکان کی سیاست کے خاتمے کا خطرہ، پی پی کی مقامی قیادت میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما بے نظیر بھٹو شہید اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو کی جانب سے ضلع ٹنڈوالٰہیار میں ووٹ کے اندراج سے کئی دہائیوں سے ضلع کی قومی اور صوبائی اسمبلی پر کامیاب ہونیوالے پی پی کے ارکان کی سیاست کے خاتمے کی باتیں زدعام ہیں۔ پی پی کے اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹنڈوالٰہیار ضلع کی مقامی قیادت میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔



مسلسل کامیابی ٹنڈوالٰہیار کے پی پی کے گڑھ کی ضمانت ہے، 2013 کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی ڈاکٹر راحیلہ گل مگسی کی زبردست مقبولیت کے پیش نظر پی پی پی کو اپنی روایتی سیٹ گنوانے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا تاہم مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر دھاندلی کے بعد عبدالستار بچانی کامیاب ہوئے، اس ساری صورتحال کے تناظر میں پی پی کی مرکزی قیادت نے ٹنڈوالٰہیار اور اس کے اطراف میں ایک بار پھر بھٹو فیکٹرکو اجاگر کرنے کے لیے آصفہ کے ووٹ کا اندراج کرایا ہے تاکہ مستقبل میں ناصرف پی پی کی روایتی نشستوں کو بچایا جاسکے بلکہ ٹنڈوالٰہیار میں بیٹھ کر میرپورخاص اور تھرپارکر میں پارٹی کو مضبوط کیا جاسکے۔

مقبول خبریں