ورلڈکپ فخر زمان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 6 جولائی 2019
بابر اعظم کے 474رنز،بولرزمیں عامر17،شاہین16شکارکرنے میں کامیاب۔ فوٹو: فائل

بابر اعظم کے 474رنز،بولرزمیں عامر17،شاہین16شکارکرنے میں کامیاب۔ فوٹو: فائل

کراچی: ورلڈکپ پاکستانی اوپنرفخر زمان کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا جب کہ وہ 8میچز میں محض 186رنز ہی بنا سکے۔

سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا پانے والی پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ میں اوپنر فخر زمان سے بیحد امیدیں تھیں مگر وہ ان پر پورا نہ اتر پائے، لیفٹ ہینڈر نے 8میچز میں 23.25 کی معمولی اوسط سے محض 186رنز بنائے،اس میں صرف ایک ہی نصف سنچری شامل تھی، دوسرے اوپنر امام الحق بھی بیشتر میچز میں ناکام رہے مگر بنگلادیش سے غیراہم مقابلے میں سنچری سے انھوں نے اپنے انفرادی اعدادوشمار کچھ بہتر بنا لیے۔

امام نے 38.12 کی اوسط سے 305رنز اسکور کیے،بابر اعظم نے67.71 کی ایوریج سے سب سے زیادہ474رنز بنائے، اس میں  ایک سنچری اور 3 ففٹیز شامل رہیں، محمد حفیظ نے253 اور حارث سہیل نے198رنز اسکور کیے،عماد وسیم162رنز بنانے میں کامیاب رہے، سرفراز احمد28.60 کی اوسط سے 143رنز ہی بنا سکے، شعیب ملک 3میچز میں8اور آصف علی 2 مواقع ملنے پر 19رنز تک محدود رہے۔

بولنگ میں محمد عامر نے 8 میچز میں سب سے زیادہ 17کھلاڑیوں کو21.05 کی اوسط سے آؤٹ کیا،شاہین شاہ آفریدی نے صرف5مقابلوں میں14.62 کی ایوریج سے 16وکٹیں لیں،  وہاب ریاض نے11 شکار کیے، شاداب خان9 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، حسن علی کو 4میچز میں محض2وکٹیں ملیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔