شہر کا موسم 3 روز تک گرم مرطوب اور ابر آلود رہے گا محکمہ موسمیات

 درجہ حرارت 34سے36ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات


Staff Reporter July 13, 2019
 درجہ حرارت 34سے36ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3روز کے دوران شہر کا موسم گرم مرطوب اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق پیر تک شہر کا موسم گرم مرطوب وابرآلودرہنے کا امکان ہے جس کے دوران سمندر کی جنوب مغربی اور مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

ہیٹ ویو سینٹر کے مطابق صبح اور رات کے وقت شہر کی فضاؤں پر بادل چھانے کے امکانات ہیں، تاہم دن کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے حدت بھی بڑھ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 69 جبکہ دن کے وقت 59 فیصد رہا، جمعہ کو سمندری جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 40کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی لہٰذا آج (ہفتہ) کو شہر کا موسم گرم مرطوب اور ابرآلود رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق منگل سے جمعرات کے درمیان شہر میں گہرے بادلوں کی توقع کر رہے ہیں جس کے دوران رات اور صبح کے اوقات میں پھواراور بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔

مقبول خبریں