فنڈزہڑپ کرنے کا خدشہ زمبابوین معطلی کی وجہ

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 20 جولائی 2019
ٹیموں کی ویمنز اورمینزٹی20ورلڈکپ کوالیفائرزمیں شرکت سے محرومی کا امکان
 فوٹو: فائل

ٹیموں کی ویمنز اورمینزٹی20ورلڈکپ کوالیفائرزمیں شرکت سے محرومی کا امکان فوٹو: فائل

 لاہور:  آئی سی سی فنڈز ہڑپ کرنے کا خدشہ زمبابوین بورڈ کی معطلی کا سبب بن گیا۔

ڈالرز کی بھوکی حکومت رقم کرکٹ کو فروغ دینے کے بجائے ضبط کرسکتی تھی، زمبابوین ٹیموں کی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز اور مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے محرومی کا قوی امکان ہے،کھلاڑیوں کو معاوضوں کی ادائیگیاں بھی کھٹائی میں پڑ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سیاسی مداخلت کے سبب زمبابوے کی معطلی کے اسباب سامنے آنے لگے ہیں،آئی سی سی اجلاس میں شریک ایک رکن نے ’’کرک انفو‘‘ کو بتایا کہ زمبابوے شدید مالی بحران کا شکار ہے،افراط زر اور مہنگائی کی شرح گذشتہ 10سال میں بلند ترین سطح تک پہنچ چکی، آئی سی سی کو خدشہ تھا کہ اگر زمبابوین کرکٹ بورڈ کو فنڈز جاری کیے گئے تو سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے ان پر ہاتھ صاف کرلیا جائے گا،کونسل کی جانب سے فنڈز ڈالرز میں ادا کیے جاتے ہیں، ڈالرزکی بھوکی حکومت فنڈز کو ضبط کرکے اپنے مقاصد پورے کرسکتی ہے۔

آئی سی سی نے جون کے وسط میں سیاسی مداخلت سے نامزدکردہ بورڈ کی باڈی کو متازع قرار دیتے ہوئے اکتوبر میں ہونے والی میٹنگ سے قبل معاملات میں سدھار لانے کی ہدایت دی ہے،موجودہ صورتحال میں زمبابوے کی اگست میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز اور اکتوبر میں مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائرز میں شرکت سے محروم رہنے کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ زمبابوین بورڈ کے فنڈز جون میں منجمد کیے جانے پر ویمنز ٹیم آئرلینڈ کا دورہ نہیں کرسکی،مینز ٹیم نے نیدر لینڈز اور آئرلینڈ کا ٹور مکمل کیا،اس اسکواڈ میں شامل ایک کرکٹر کے مطابق کھلاڑیوں کو تنخواہیں اور میچ فیس ادا نہیں کی گئی ہر چیز جامد نظر آئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔