62 فیصد عوام نوازحکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں پلڈاٹ سروے

وزرائے اعلیٰ میں شہباز شریف کی کارکردگی بہترین، 59فیصد لوگ حق میں ہیں


Numainda Express/APP September 16, 2013
وزرائے اعلیٰ میں شہباز شریف کی کارکردگی بہترین، 59فیصد لوگ حق میں ہیں.

وزیراعظم نواز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت کی پہلے 100دن کی کارکردگی مجموعی طور پر مثبت رہی۔

غیر سرکاری تنظیم پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرینسی( پلڈاٹ) کی جانب سے عالمی یوم جمہویت کے موقع پر حکومت کی ابتدائی100روز ہ کارکردگی کے بارے میں جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چاروں صوبوں میں کرائے گئے سروے میں62فیصد لوگ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ عوام نے فوج کے ساتھ وفاقی حکومت کی ہم آہنگی اور صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتوں کو سراہا۔خارجہ پالیسی پر وزیراعظم نواز شریف کے موقف کی تعریف کی گئی جبکہ بجلی کی قلت دور کرنے کیلیے حکومت کی کارکردگی کوبہترقرار دیا گیا جبکہ 32فیصد افراد نے حکومت کی کارکردگی کو کمزور قرار دیا۔

سروے میں کئی شعبوں میں وفاقی حکومت کی کارکردگی کو بہتر قرار دیا گیا۔ 57فیصد لوگوں کے مطابق خارجہ پالیسی کے ایشوز، امریکا، چین اور بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے حکومتی کارکردگی مثبت رہی ہے جبکہ 38فیصد نے اسے منفی قرار دیا ہے۔ 59فیصدلوگوں نے بین الصوبائی ہم آہنگی اور اپوزیشن جماعتوں میں ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے وفاقی حکومت کی کارکردگی کو مثبت قرار دیا، وفاقی حکومت کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ساتھ ہم آہنگی تعلقات کے حوالے سے کارکردگی 59فیصد لوگوں کے مطابق مثبت رہی۔



54فیصد لوگوں نے بدعنوانی کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی کارکردگی کو مثبت جبکہ 41فیصد نے منفی قرار دیا۔سروے کے مطابق پنجاب حکومت کی مقبولیت سب سے زیادہ 56فیصد رہی۔ بلوچستان حکومت کی مقبولیت22فیصد، خیبرپختونخوا حکومت کی مقبولیت منفی4اور سندھ حکومت کی منفی 12ہے۔ صحت کے شعبہ میں پنجاب حکومت کی کارکردگی سب سے بہتر رہی۔ 49فیصد لوگوں نے اسے مثبت قرار دیا۔ کے پی کے میں 45فیصد لوگوں نے صحت کے شعبہ میں حکومت کی کارکردگی کو بہتر بیان کیا۔ سندھ میں یہ شرح 24فیصد اور بلوچستان میں 33فیصد رہی۔

سڑکوں کی صفائی کے متعلق صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کے حوالے سے سروے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں یہ شرح 32فیصد ، کے پی کے میں 5فیصد رہی۔ سندھ اور بلوچستان کی شرح کم ترین رہی۔ سروے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی کارکردگی بہترین رہی۔ 59فیصد لوگوں نے ان کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا اور 18فیصد لوگوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی حمایت کی۔ 9فیصد لوگوں نے کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور 4فیصد لوگوں نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک کی حمایت کی۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے73فیصد عوام خوش ہیں۔