عید قرباں آتے ہی ہرے مصالحے کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، عوام پریشان

بزنس رپورٹر  ہفتہ 10 اگست 2019
عام دنوں میں 60روپے کلوبکنے والا پپیتہ 120روپے فی کلو ہوگیا،دھنیا، پودینہ تول کے حساب سے فروخت کیا جانے لگا
فوٹو: ایکسپریس

عام دنوں میں 60روپے کلوبکنے والا پپیتہ 120روپے فی کلو ہوگیا،دھنیا، پودینہ تول کے حساب سے فروخت کیا جانے لگا فوٹو: ایکسپریس

کراچی: عیدقرباں قریب آتے ہی ہرے مصالحے کی قیمتیں آسمان پرپہنچ گئیں اور شہری پریشانی سے دوچارہوگئے۔

عیدالاضحی قریب آتے ہیں ادرک لہسن، لیموں اور ہرے مصالحے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کاسامنا ہے ، ادرک 400روپے کلو ، لہسن 320روپے کلو ، لیموں 300روپے کلو فروخت ہورہے ہیں ،سبز مرچ، دھنیا پودینہ کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی شہریوں کو عید الاضحی کی آمد پر مصنوعی مہنگائی کا سامنا ہے، دو ہفتے قبل تک 240سے 280روپے کلو فروخت ہونے والی ادرک اب 400ر وپے کلو فروخت ہورہی ہے ،لہسن کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ،پہلے لہسن 200روپے کلو فروخت ہورہا تھا جو اب 320روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے ،لیموں کی قیمت 200روپے کلو کی سطح پر آگئی تھی جو دوبارہ 300روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

گوشت گلانے کے لیے کچا پپیتہ بھی مہنگے داموں فروخت ہورہا ہے ،پپیتہ 100سے 120روپے کلو فروخت ہورہا ہے جو عام دنوں میں 60سے 80روپے کلو فروخت ہورہا تھا دھنیہ پودینہ بارشوں کے بعد سے مہنگا فروخت ہورہا ہے۔

عید الاضحی کی آمد پر دھنیہ پودینہ بھی مہنگا ہوگیا ہے اور اکثر بازاروں میں تول کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے ، دھنیہ پودینہ کی مختصر حجم کی گڈی 20روپے کی فروخت ہورہی ہے ،ہری مرچ کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے 120 روپے کلو فروخت ہونے والی ہری مرچ اب 180 روپے کلو تک فروخت ہورہی ہے۔

سلاد کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے کھیرے کی بھرپور فصل ہونے کے باوجود کھیرا  80 سے 100روپے کلو فروخت ہورہا ہے ٹماٹر 30سے 40روپے کلو فروخت ہورہے تھے جو اب 60 سے 70روپے کلو فروخت کیے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔