ٹیسٹ کے دروازے پر ’’لحیم شحیم‘‘ کرکٹر کی دستک

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 11 اگست 2019
140 کلو وزنی،ساڑھے 6 فٹ کے راہکیم کورنویل ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل۔ فوٹو: سوشل میڈیا

140 کلو وزنی،ساڑھے 6 فٹ کے راہکیم کورنویل ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پورٹ آف اسپین: ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر سب سے ’’لحیم شحیم‘‘ کرکٹر نے دستک دے دی جب کہ ویسٹ انڈیز نے 140  کلو وزنی اور ساڑھے 6 فٹ کے راہکیم کورنویل کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔

ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف آنے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے اپنے 13 رکنی اسکواڈ میں آل راؤنڈر راہکیم کورنویل کو بھی شامل کیا ہے، انھیں ڈومیسٹک سطح پر مستقل مزاجی سے بہتر کارکردگی کا صلہ دیا گیا،26 سالہ ہارڈ ہٹنگ آف اسپننگ آل راؤنڈر راہکیم کی پرفارمنس سے قبل جو چیز توجہ کھینچتی ہے وہ ان کی جسامت ہے، وہ کافی لحیم شحیم ہیں، ان کا قد 6 فٹ 6 انچ اور وزن 140 کلوگرام کے قریب ہے، اگر انھیں بھارت کے خلاف میدان میں اتارا گیا تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک قدم رکھنے والے سب سے وزنی کرکٹر بن جائیں گے۔

اچھی پرفارمنس اور ٹیلنٹ کے باوجود لوگوں کو یہ خدشہ ہے کہ شاید اپنے وزن کی وجہ سے وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب نہ ہوسکیں، اس سے قبل خود چیف سلیکٹر کورٹنی براؤن یہ تسلیم کرچکے کہ انھوں نے راہکیم کا وزن کم کرنے کیلیے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ البتہ ان کی جسامت کے حوالے سے زیادہ فکر مند دکھائی نہیں دیتی کیونکہ انھوں نے 55 فرسٹ کلاس میچز میں 24.43 کی اوسط سے 2224 رنز بنانے کے ساتھ متاثر کن 23.60 کی اوسط سے 260 وکٹیں لی ہیں۔

2017 میں ایک ٹور میچ میں انھوں نے بھارتی بیٹنگ لائن کو کافی پریشان کیا تھا، ان کے 5 شکاروں میں ویرات کوہلی، چتیشور پجارا اور اجنکیا راہنے بھی شامل تھے۔ بھارت سے 22 اگست کو شروع ہونے والی پہلے میچ کیلیے اسکواڈ میں الزاری جوزف شامل نہیں جو بدستور انجری سے نجات کیلیے کوشاں ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔