سافٹ بال ایشیا کوچنگ کلینک؛ غیرملکی انسٹرکٹرز پاکستان آئیں گے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 11 اگست 2019
22 سے 24 اگست تک محکمہ جاتی اور صوبائی باڈیز کے کوچز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

22 سے 24 اگست تک محکمہ جاتی اور صوبائی باڈیز کے کوچز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی: سافٹ بال ایشیا پاکستان کوچنگ کلینک 22 تا 24 اگست کو کراچی میں منعقد ہو گا جس میں کینیڈا اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹر پاکستان سافٹ بال فیڈریشن سے منسلک محکمہ جاتی اور صوبائی ایسوسی ایشنز کے کوچز کوتربیت فراہم کریں گے۔

سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم کے مطابق ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کی سیکریٹری جنرل بینگ چولی کوچنگ کلینک کی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی ہوں گی جبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن صدارت کریں گے۔

پاکستان میں سافٹ بال کی تاریخ میں اپنی نوعیت کے ہونے والے پہلے کوچنگ کلینک میں ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کیجانب سے کینیڈا سے ایلن رینی جبکہ ملائیشیا سے محمد حنافی بن یاسین اور نور حاجرہ حامد پاکستان آرہے ہیں، فیڈریشن کے صدر حیدرخان لہڑی نے سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل محمدذیشان مرچنٹ کو ڈائریکٹرکوچنگ کلینک مقررکیا ہے۔

تین روزہ کوچنگ کلینک میں انٹرنیشنل انسٹرکٹر شرکاکوملٹی میڈیا کے ذریعے سافٹ بال کے بنیادی اصول،کھیل کے قواعد و ضوابط وطریقہ کار سمیت دیگر بنیادی معلومات پرآگاہی اورلیکچردیں گے جبکہ گراؤنڈ میں سافٹ بال کی فیلڈ پوزیشن، بیٹرپوزیشن، پچنگ،کیچنگ اور فزیکل فٹنس پرتربیت دی جائے گی۔

آصف عظیم کا مزید کہنا تھا کہ کوچنگ کلینک میں نمایا ں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے کوچزکومستقبل میں بیرون ممالک ٹریننگ کیلئے بھیجا جائے گا، اس موقع پرآصف عظیم نے ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کی سیکریٹری جنرل اور سافٹ بال ایشیا کے صدرداتوبینگ چولوکاخصوصی شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی سرپرستی کے باعث پاکستان میں پہلی بار ہمارے کوچزکواپنے ملک میں انٹرنیشنل انسٹرکٹر سے بہت کچھ سیکھنے کاموقع ملے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔