تہذیبوں کے تصادم کے موضوع سے وینس فلم فیسٹول شروع

مشرق اور مغرب کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری تقسیم ختم کرنے کی کوشش کی ہے، میرانائر


AFP August 30, 2012
مشرق اور مغرب کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری تقسیم ختم کرنے کی کوشش کی ہے، میرانائر، فوٹو ؛ فائل

اٹلی میں بدھ کو وینس فلم فیسٹول تہذیبی تصادم کا عنوان لے کر شروع ہوگیا ہے۔ دنیا کے قدیم ترین فلم فیسٹیول میں میرا نائر کی فلم ''ریلکٹینٹ فنڈا منٹلسٹ''Reluctant fundamentalist سب سے پہلے پیش کی گئی جس کا موضوع امریکا میں نائن الیون حملوں سے پہلے اور بعد کے واقعات سے نبردآزما ایک پاکستانی کے جذبات ہیں۔

فلم میں برطانوی ادا کار رذاحمد نے پاکستانی نوجوان چنگیز کا کردارادا کیا ہے جو کہ وال اسٹریٹ میں درپیش نفرت آمیز سلوک سے تنگ آکر اپنے وطن پاکستان واپس آجاتا ہے ۔ فلمی کردار چنگیز کو حملوں کے بعد امریکا میں تنہائی اور اجنبیت کا احساس ہوتا ہے اور وہ پاکستان آکر ملیشیا کے زیر اہتمام چلنے والی ایک یونیورسٹی میں پڑھانا شروع کردیتا ہے جہاں اس کی ملاقات سی آئی اے کے ان ایجنٹوں سے ہوتی ہے جو مغوی امریکی پروفیسر کی تلاش میں وہاں پہنچتی ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر میرا نائرنے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ پچھلے کئی عشروں سے مشرق اور مغرب کے درمیان بدترین تقسیم اور ایک دیوار پیدا ہوچکی ہے اس فلم کے ذریعے میں نے مشرق اور مغرب کا خلا دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھ جیسے لوگ جو مختلف تہذیبوں میں رہتے ہیں اس سے نبرد آزما ہوچکے ہیں۔ بھارتی نژاد نیویارک کی شہری نائر کا کہنا تھا کہ اچانک نیویارک ایک ایسے شہر میں تبدیل ہو گیا ہے جہاں ہم جیسے لوگ اجنبی گردانے جاتے ہیں اور یہ انتہائی تکلیف دہ عمل ہے۔