4 روزہ ملائیشین نمائش کراچی ایکسپوسینٹر میں 26 ستمبر سے ہوگی

ملائیشیا کی30 سے زائد کمپنیاں نمائش میں شرکت،اپنی مصنوعات و خدمات پیش کریں گی


Business Reporter September 23, 2013
کمپنیاں چھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں جو ایکسپو سینٹر ہال ایک میں اسٹال لگائیں گی۔فوٹو:فائل

لاہور: ملائیشیا کی 30 سے زائد کمپنیاں کراچی ایکسپو سینٹر میں 26 ستمبر سے 29 ستمبر تک ہونے والی چار روزہ پہلی ملائیشین نمائش میں اپنی مصنوعات و خدمات پیش کریں گی۔

یہ کمپنیاں چھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں جو ایکسپو سینٹر ہال ایک میں اسٹال لگائیں گی۔ موجودہ حکومت کی بہتر کاروباری پالیسیوں اور پاکستان سے دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر ملائیشیا کی حکومت نے پاکستان میں ملائیشین کمپنیوں کی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ملائیشین کمپنیوں کی نمائش کا انعقاد ملائیشین ایکسٹرنل ٹریڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کررہی ہے۔ شوکیس ملائیشین پویلین میں آٹو پارٹس، کیمیکل ، پلاسٹک، الیکٹریکل اور الیکٹرونک، اشیا خورد و نوش، لائف اسٹائل کی کمپنیاں حصہ لیںگی جبکہ تعلیمی مشیر بھی شرکت کریں گے۔

پاکستان اور ملائیشیا میں باہمی تجارت کا حجم تقریباً 2 ارب ڈالر ہے جبکہ یہ نمائش پاکستانی سرمایہ کاروں کو مثالی پلیٹ فارم مہیا کرے گی جہاں وہ ملائیشین کمپنیوں کے نمائندوں سے مل سکیں گے۔ نمائش کے پہلے دو دن ملائیشین نمائش میں شریک ہونے والی کمپنیاں پہلے سے طے شدہ کاروباری شخصیات سے ملیں گی۔ ملائیشین نمائش کا افتتاح ملائیشین ایکسٹرنل ٹریڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (MATRADE) کے چیئرمین کریں گے، اس موقع پر ان کے ساتھ پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر، ملائیشیا اور پاکستانی کاروباری برادری کے افراد بھی ہوں گے۔



اس نمائش کا مقصد پاکستانی کاروباری برادری میں ملائیشین کمپنیوں کی مصنوعات اور خدمات کو فروغ دینا ہے۔ یہ نمائش پاکستان اور خطے کی دیگر کاروباری برادری کیلیے موقع فراہم کرے گی کہ وہ ملائیشین مصنوعات اور خدمات کے برآمد کنندگان، مینوفیکچررز کے ساتھ رابطے مستحکم کرسکیں۔ اس نمائش کا اہم مقصد پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تجارت کو فروغ اور معاشی تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان جامع معاشی شراکتی معاہدوں کو بھرپور انداز میں استعمال کیا جاسکے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں ملائیشیا کے موجودہ تجارتی نیٹ ورک کو مستحکم کرنے کے ساتھ ملائیشیا کی برانڈنگ کو بھی بڑھایا جاسکے۔ ملائیشیا جنوب مشرقی ایشیا کے اہم جغرافیہ میں واقع ہے اور بیرون ملک مینوفیکچرنگ صنعتیں قائم کرنے والے سرمایہ کاروں کو انتہائی موزوں مقام مہیا کرتا ہے جہاں وہ خطے اور عالمی مارکیٹ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات کے مینوفیکچرنگ آپریشن قائم کرسکتے ہیں۔ ملائیشیا کی معیشت مارکیٹ اساس کی حامل ہے ۔ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیاں سرمایہ کاروں کو مثالی موقع فراہم کرتی ہیں کہ وہ کاروبار کو ترقی دیتے ہوئے بہترین منافع حاصل کریں۔ ملائیشیا کی اہم خصوصیات میں اس کا جدید انفرااسٹرکچر اور بہترین افرادی قوت ہے۔ ملائیشیا سیاسی طور پر ایک مستحکم ملک ہے جس میں مضبوط قانونی سسٹم موجود ہے ۔ ملائیشیا سرمایہ کاروں کو دلکش مراعات پیش کرتا ہے۔