ڈیوٹی چوری کیلیے جعلسازی کے نئے طریقے کا انکشاف

’نان آلائے ہاٹ رول‘ میں معمولی برون ہونے پر ’آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل‘ ظاہر کیا جا رہا ہے


Ehtisham Mufti September 25, 2013
مس ڈیکلریشن سے 15 فیصد ڈیوٹی بچائی جارہی ہے، نجی اسٹیل مل کا چیف کلکٹرز کسٹمز کو خط۔ فوٹو: فائل

پاکستانی درآمد کنندگان چین سے درآمدی ''نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائلز '' میں برون (boron) نامی دھات کی معمولی سی مقدار ہونے کی وجہ سے لیب ٹیسٹ میں ''آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' ظاہر کرا کر کلیئرنس کر رہے ہیں جس کے باعث قومی خزانہ کو خطیرمالیت کا ریونیو خسارہ پہنچایا جا رہا ہے۔

چیف کلکٹرز کسٹمز کے نام ایک نجی اسٹیل مل کے بھیجے گئے ایک خط میں چیئرمین ایف بی آرسے مطالبہ کیاہے کہ وہ ایسے احکام جاری کریں جس کے تحت کسٹمز کلیئرنس کے موقع پر''نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' جس میں برون (boron) نامی دھات کی معمولی مقدار شامل ہوں انہیں '' آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' تسلیم نہ کیا جائے۔ مذکورہ نجی اسٹیل ملز کی جانب سے چیف کلکٹر ساؤتھ اورنارتھ کو ارسال کیے گئے مکتوب میں کہا گیا کہ ملک میں بڑی مقدار میں ''نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' کو ''آلائے ہوٹ رول اسٹیل کوائل'' ظاہر کر کے درآمد کیا جا رہا ہے جس کی بڑی وجہ دونوں آئٹم پر کسٹمز ڈیوٹی کا فرق ہے، اس لیے درآمدکیے جانے والے ''نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' میں برون کی تھوڑی سے مقدار شامل ہونے پر لیب ٹیسٹ کے ذریعے '' آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' ظاہر کرایا جاتا ہے تاکہ درآمد کنندگان کنسائنمنٹ کو صفر فیصد ڈیوٹی کے عوض کلیئر کرا سکیں۔



مکتوب میں کہا گیا کہ چین میں اسٹیل کی صنعتوں میں بہت تھوڑی مقدار میں برون شامل کیا جاتا ہے تاکہ کلاسی فیکیشن تبدیل کر کے حکومت سے ''ری بیٹ'' حاصل کیا جائے جس کا پاکستانی درآمد کنندگان بھی ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں کیونکہ ''نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' پر 10 تا 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد ہے جبکہ '' آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' 5 فیصد ڈیوٹی کے عوض کلیئر کیا جاتا ہے، اسی لیے سال 2012 میں مس ڈیکلریشن کے ذریعے'' نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل '' کی ایک بہت بڑی مقدار درآمد کی گئی جس کی وجہ سے قومی خزانہ کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اب اس کی مس ڈیکلریشن میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے مقامی اسٹیل انڈسٹری کو بھی ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مذکورہ نجی اسٹیل مل نے مکتوب میں محکمہ کسٹمزکو آگاہ کیا کہ امریکا، تھائی لینڈ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور ویتنام کو بھی ''نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل ''کی درآمد پر ان ہی مسائل کا سامناکرنا پڑ رہا تھا جس پر امریکا نے برون نامی دھات کی تھوڑی سے مقدار موجود ہونے کی بنیاد پر ''اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی'' عائد کردی جبکہ ویتنام نے 10 فیصد ڈیوٹی کا نفاذ کیا تاہم ان تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے نجی اسٹیل مل نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ ''نان آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل'' میں برون کی تھوڑی سے مقدار موجودہونے پر اس کو '' آلائے ہاٹ رول اسٹیل کوائل '' قرار دینے سے اعتراز کرے۔

مقبول خبریں