ویمنز ٹینس وینس ولیمز نے وکٹوریا آذرنیکا کو ٹھکانے لگا دیا

تھرڈ سیڈ اطالوی کھلاڑی سارا ایرانی کو سویٹلانا کزنٹسووا نے شکست دے دی


Sports Desk/AFP September 25, 2013
اگنیسکا ریڈوانسکا، ووزینسکی اور جینکووچ نے پری کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پین پیسفک ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں وینس ولیمزنے ٹاپ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا کو ٹھکانے لگا دیا۔

اگنیسکا ریڈوانسکا ، کیرولین ووزینسکی اور جیلینا جینکووچ نے بھی پری کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے، تھرڈ سیڈ اطالوی پلیئر سارا ایرانی کو سویٹلانا کزنٹسووا نے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق دوسرے رائونڈ سے سفر کی شروعات کرنے والی ٹاپ سیڈ بیلاروسی پلیئر وکٹوریا آذرنیکا کو وینس ولیمز نے 6-2 اور6-4 سے ہرایا، تھرڈ سیڈ اٹلی کی سارا ایرانی کو روسی حریف سویٹلانا کزنٹسووا نے اسٹریٹ سیٹ میں 6-4، 6-4 سے مات دے دی،پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا نے کینیڈین کھلاڑی الیکسینڈرا ووزنیک کو 7-6(7/5) اور 6-0 سے زیرکرلیا،فورتھ سیڈ کیرولین ووزینسکی نے فلاویا پنیٹا کو 6-2 اور 6-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔



جیلینا جینکووچ نے جاپانی حریف آیومی موریٹا کو 6-4 اور 6-1 سے قابو کرلیا، 11 سیڈ سربین اسٹار اینا ایوانووک نے یوکرین کی الینا سویٹولینا کیخلاف 6-3 اور6-0 سے فتح پائی، رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک پر 7-6(7/4) اور 6-3 سے غلبہ پایا، آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے عمررسیدہ میزبان پلیئر کیمیکو ڈیٹ کروم کا قصہ 6-3، 7-6(7/2) سے تمام کردیا،امریکی پلیئر سلونی اسٹیفنز کو کینیڈا کی ایوگینے بوچارڈ نے سخت مقابلے کے بعد 5-7،7-6(9/7) اور 6-3 سے زیر کیا، سورانا کرسٹیا نے تیسری جاپانی پلیئر میساکی ڈوئی کو 6-1، 6-2 سے ہرایا۔

ڈومنیکا سبولکووا نے آسٹریلین حریف کیسی ڈیلوکا کیخلاف7-5 اور 6-3 سے فتح پائی، امریکی پلیئر میڈیسن کیز نے چینی پلیئر پینگ شوئی کو 7-5 اور6-2 سے زیر کیا،سلواکین کھلاڑی میگڈیلینا ریبریکووا نے بیلجین اسٹار کرسٹن فلپکنز کو 6-2 اور6-3 سے ہرایا۔دوسری جانب بنکاک میں شروع ہونے والے تھائی لینڈ اے ٹی پی میں لوکاس روسول، گو سوئیڈا، روبرٹو بوٹیسٹا اگٹ اور برنارڈ ٹومک نے ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا، ادھر کوالالمپور مینز ٹینس میں پبلو الیجاندرو ، پبلو چیواس، ویساک پوسپیسل اور مسچا زیویئر نے دوسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی۔