انگلش لیگ کپ فٹبال چیلسی کی چوتھے رائونڈ میں رسائی

مانچسٹر سٹی اورٹوٹنہم ہوٹسپر نے فتوحات حاصل کرلیں، فلہم نے ایورٹن کوہرا دیا


AFP/Sports Desk September 26, 2013
مانچسٹر سٹی اورٹوٹنہم ہوٹسپر نے فتوحات حاصل کرلیں، فلہم نے ایورٹن کوہرا دیا۔ فوٹو: فائل

چیلسی، مانچسٹر سٹی اور ٹوٹنہم ہوٹسپر نے فتوحات کی بدولت انگلش لیگ کپ کے چوتھے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی۔

سندرلینڈ کی ٹیم منیجر پائولو ڈی کانیو کے بغیر پیٹربرو یونائیٹڈ کیخلاف2-0 سے فتحیاب رہی، کوچ جوز مورینہو کی چیلسی ٹیم نے تھرڈ ٹائر سائیڈ سوینڈون ٹائون کیخلاف 2-0 سے کامیابی پائی، میچ کا افتتاحی گول کھیل کے 29ویں منٹ میں فرنانڈو ٹوریس نے بنایا، ریمریزنے6 منٹ بعد برتری دگنی کردی، ریمریز کو کھیل کے 10ویں منٹ میں مارکو وان گینکل کے انجرڈ ہونے پر بطور متبادل کھلاڑی کھیلنے کا موقع ملا تھا،کامیابی پر ٹوریس نے کہا کہ ہم اس میچ کی اہمیت سے آگاہ تھے، لوئر ڈویژن ٹیموں کیخلاف اوے میچز میں کامیابی پانا مشکل ہوتا ہے، ہماری ٹیم کے وہ پلیئرز جو گذشتہ چند میچزمیں نہیں کھیل پائے ان کیلیے یہ مقابلہ اچھا رہا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کو پریمیئر لیگ میں اتوار کی شب 4-1 سے مات دینے والی مانچسٹر سٹی نے لیگ کپ میں بھی ویگان ایتھلیٹک کو 5-0 سے آئوٹ کلاس کردیا، میچا رچرڈز انجری سے نجات کے بعد پلیئنگ سائیڈ کا حصہ بنے، فاتح ٹیم نے ایڈن زیکو کے 33ویں منٹ میں گول کی بدولت برتری پائی، پہلے ہاف کا اختتام1-0 سے مانچسٹر سٹی کے حق میں رہا، کھیل کے 60ویں منٹ میں مونٹی نیگرو کے اسٹرائیکر اسٹیون جوویٹک نے کلب کیلیے پہلا گول داغ کر ٹیم کی برتری 2-0 کی،16منٹ بعد یحیی طورے نے فری کک پر گیند کو عمدگی سے جال کی راہ دکھاکر حریف ٹیم کو تیسرا صدمہ پہنچایا۔



یہ سیزن میں ان کا تیسرا گول ثابت ہوا،فائنل وسل سے 14منٹ قبل جوویٹک نے انفرادی طور پر دوسرا گول داغ کر مقابلہ 4-0 کیا، 86ویں منٹ میں جیسس نیواس نے نئی ٹیم کی جانب سے کھاتہ کھولا، مقابلہ 5-0 سے مانچسٹر سٹی کے حق میں اختتام پذیر ہوا، ٹوٹنہم نے پریمیئر لیگ حریف آسٹن ویلا کیخلاف 4-0 سے جیت کو گلے لگایا، جیرمین ڈیفوئے نے2 گول بنائے جبکہ پائولینو اور نیسر چاڈلی نے ایک، ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی۔سندرلینڈ نے کوچ ڈی کانیو کے بغیر ہی تھرڈ ٹائر سائیڈ پیٹربرو پر 2-0 سے غلبہ حاصل کرلیا۔

یہ سیزن میں ابھی تک ان کی دوسری فتح ہے، فلہم نے ایورٹن کیخلاف خسارے میں جانے کے باوجود 2-1 سے کامیابی حاصل کی، مہمان سائیڈ کو اسٹیون نائسمتھ نے برتری دلائی، دوسرے ہاف میں میزبان فلہم کی جانب سے دیمیتار بیرباتوف اور ڈیرن بینٹ کے جوابی گولز سے مقابلہ ان کے ہاتھوں سے نکل گیا۔دیگر میچز میں کارڈف سٹی کیخلاف ویسٹ ہام یونائیٹڈ نے 3-2 سے جیت کو اپنا مقدر بنالیا، فیصلہ کن گول کھیل کے 88ویں منٹ میں ریکارڈو واز ٹی نے بنایا، ناروچ سٹی نے ویٹ فورڈ کیخلاف3-2 سے فتح پائی، سائوتھمپٹن نے برسٹول سٹی کو 2-0 سے زیر کیا۔