عدالتوں کی سیکیورٹی کیلیے اقدامات کیے جائینگےجسٹس مقبول باقر

کرپشن کا خاتمہ ترجیح ہے،مزیدجج تعینات کیے جائینگے،فل کورٹ ریفرنس سے خطاب


Staff Reporter September 26, 2013
شہرکی صورتحال کے حوالے عوام کو چیف جسٹس سے بہت توقعات ہیں،پراسیکیوٹر جنرل فوٹو فائل

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مقبول باقر نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان اور عدالتوں کی سیکیورٹی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔

سیکیورٹی بہتر بنانے کیلیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، جمہوریت کی بحالی کے لیے عدلیہ نے اہم کردار کیا ، سول سوسائٹی اور میڈیا کی جدوجہد بھی قابل ستائش ہے،عدالتوں سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، عدلیہ میں ترقیوں اور تقرریوں میں میرٹ کے اصول کو اپنایا جائے گا ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں اپنے اعزاز میں دیے گئے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں ججوں کی خالی اسامیوں پر جلد جج تعینات کیے جائیں گے۔



سندھ ہائیکورٹ میں کار پارکنگ کا مسئلہ بہت اہم ہے ،وکلا رہنماؤں کے ساتھ بیٹھ کر اس کا حل نکالیں گے ، اس موقع پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ امید ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ بار اور بینچ کے درمیان مسائل حل کرنے کیلیے اپنی ذمے داریاں پوری کریں گے ،پراسیکیوٹر جنرل شہادت اعوان نے کہا کہ کراچی کی صورتحال پر عوام کو چیف جسٹس سے بہت توقعات وابستہ ہیں ، ریفرنس سے سندھ ہائیکورٹ بار کے صدرمصطفی لاکھانی ،سندھ بارکونسل کے عاقل ایڈووکیٹ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔