شاپنگ مال پر حملہ کرنے والوں کو شکست دے دی صدر کینیا

جنگجوؤں میں سے5 کو ماردیا گیا،11مشتبہ افراد پکڑ لیے، بزدل حملہ آوروں اور ان کے ساتھیوں کو بے نقاب کرینگے، صدر


AFP September 26, 2013
چوتھے روز فوج نے پروجیکٹائل استعمال کیا جس میں کیمیائی ایجنٹ تھا، اس دوران تمام137 یرغمالی مارے گئے، الشباب کاٹویٹ

کینیا کے صدر اوبورو کنیاٹا نے کہا ہے کہ ان کی سکیورٹی فورسز نے شاپنگ مال پرحملہ کرنے والے شدت پسندوں کو شکست دیدی۔

یہ کارروائی4 روز تک جاری رہی اور اس دوران کم سے کم61 افراد ہلاک جبکہ 75 زخمی بھی ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ حملہ کرنے والے جنگجوئوں میں سے5 کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ 11مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ صدر نے کہا کہ ان بزدل حملہ آوروں اور ان کے ساتھیوں کو بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ نیروبی حکومت نے اس سانحہ پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان بھی کیا ہے جو (کل)جمعے تک جاری رہے گا۔



دوسری طرف القاعدہ سے منسلک صومالی تنظیم الشباب نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیے گئے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ شاپنگ مال میں ان کے مجاہدین کے ہاتھوں بنائے گئے137یرغمالی افراد اس وقت ملبے تلے دب جانے سے ہلاک ہوگئے جب جھڑپ کے چوتھے دن آپریشن ختم کرنے کیلیے کینیا کی فوج نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے پھر عمارت میں دھماکے کردیئے۔ اپنے ٹویٹ میں الشباب نے لکھا ہے کہ کینیا کی فوج نے شرمناک راستہ اپناتے ہوئے بے دریغ پروجیکٹائل فائر کیے جس میں ''کیمیل ایجنٹ،، تھا۔