کویتا کرشنا مورتی نے 8 سال کی عمر میں گولڈ میڈل حاصل کیا

25 جنوری 1958 کو پیدا ہوئیں، 9 سال کی عمر میں لتا منگیشکر کے ساتھ گیت گایا۔


Cultural Reporter September 27, 2013
کویتا کرشنا کی عمدہ اور دلکش آواز کی وجہ سے بہت سی فلموں اور فنکاروں کو شہرت ملی۔ فوٹو: فائل

GUIYANG: گلوکارہ کویتا کرشنا مورتی کی خوبصورت آواز نے انھیں دنیا بھر میں شہرت دی ،ان کی آواز میں مٹھاس ہے، وہ سر تال کو سمجھنے والی گلوکارہیں انھیں سب سے زیادہ سریلی گلوکارہ بھی تسلیم کیا گیا۔

بولی ووڈ فلموں میں ان کے گائے ہوئے گیتوں نے دھوم مچائی ان کی عمدہ اور دلکش آواز کی وجہ سے بہت سی فلموں اور فنکاروں کو شہرت ملی،بھارتی کی ایک ایسی آواز جس نے بھارت کو دنیا بھر میں شناخت دی ،کلاسیکی موسیقی کی تربیت نے انھیں آگے بڑھنے میں سب سے زیادہ مدد دی،25جنوری1958میں دہلی میں پیدا ہونے والی کویتا کرشنا مورتی نے بھارت کے معروف میوزک ڈائریکٹر استاد بلرام پوری سے موسیقی کی تربیت حاصل کی انھوں نے کویتا کو کلاسیکی موسیقی میں مہارت فراہم کی انھوں نے 8سال کی عمر میں اپنی زندگی کا پہلا گیت گایا جس پر انھیں گولڈ میڈل دیا گیا، جب کہ 9سال کی عمر میں انھوں برصغیر کی مشہور گلوکارہ لتامنگیشکر کے ساتھ ایک بنگالی گیت گایا۔

انھوں نے سب سے زیادہ موسیقار آر ڈی برمن اور اے آر رحمن کے ساتھ کام کیا،سینٹ زیورج کالج سے انھوں اکنامکس میں بی اے آنر کیا کالج کے کسی پروگرام میں ان کی ملاقات رانی مکر جی سے ہوئی جو مشہور گلوکار ہمنت کمار کی صاحبزادی ہیں، ہمنت کمار نے ان کی آواز سے متاثر ہوکرمختلف پروگراموں میں ان سے گیت گوائے انھوں نے متعدد لائیو پروگراموں میں شرکت کی، گلوکار مناڈے نے بھی انھیں بہت سپورٹ کیا اور انھیں بہت سے کمرشل اور جنگلز میں گانے کے لیے تعاون کیا، ادکارہ ہیما مالنی کے توسط سے انھوں نے مشہور موسیقار لکشمی کانت پیارے لال کے ساتھ متعارف ہونے کا موقع ملا، جنھوں نے کویتا کو بہت سی فلموں میں بطور پلے سنگر گانے کا موقع دیا وہ ان کی کلاسیکی موسیقی سے بے حد متاثر تھے، اسی دوران انھیں آشا بھونسلے اور لتا منگیشکر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔



1980 میں کویتا کرشنا مورتی نے پہلی فلم''مانگ بھرو سجنا'' میں گیت گاکر فلمی کیرئیر کا آغاز کیا،1985میں فلم''پیار جھکتا نہیں'' میں گایا ''تم سے مل کر نہ جانے کیوں ایسا لگا'' بے حد مشہور ہوا، یہ ان کا پہلا ہٹ سونگ تھا،1987میں ''مسٹر انڈیا'' کے دو مشہور گیت ''ہوا ہوائی'' کرتے ہیں پیار مسٹر انڈیا سے''ان کی گائیکی کا سنگ میل ثابت ہوئے1990میں کویتا کو شمار بھارت کی لیڈنگ گلوکاروں میں ہونے لگا،42 لواسٹوری میں ان کے کئی گیت ہٹ ہوئے جو پسند کیے گئے۔

ان کی مشہور فلموں جن میں ان کے گیت بے حد مقبول ہوئے ان میں، اگنی شاکشی،خاموشی،لو اسٹوری42قابل ذکر ہیں جب کہ انھوں نے بھارت کے نامور میوزک ڈائریکٹر بپی لہری،آنند،اے آرحمن، اسماعیل دربار،ندیم شیروان، جیتن للت، انو ملک، جب کہ ا نھو ں نے گلوکار کشور کمار، امیت کمار، کمار سانو، ابھیجت، اودت نارائن، سونو نگم، الکا یانگ، انو رادھا پٹیل، سادھنا سرگم کے ساتھ خوبصورت گائیکی کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کو منوایا،انھیں فن گائیکی میں بہترین کارکردگی پر4فلم فئیر ایوارڈ جب کہ2006میں انھیں پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا 1990 میں کویتا کرشنا مورتی نے ڈاکٹر ایل سبرامنیم سے شادی کرلی اور شادی کے بعد گلوکاری کو خیر باد کہہ دیا،وہ ان دنوں بہت سے رئیلٹی شوز میں بطور جج شرکت کرتی ہیں، موسیقی کی دنیا میں اور گائیکی کے شعبہ کویتا کی شاندار کارکردگی ان کے بے شمار چاہنے والوں کے لیے نا قابل فراموش کارنامہ ہے ان کے خوبصورت گیت آج بھی ان کی یاد دلاتے ہیں ۔

مقبول خبریں