عابد علی جیسا فنکار صدیوں میں پیدا ہوتا ہے، رضامراد

ویب ڈیسک / قیصر افتخار  جمعـء 6 ستمبر 2019
عابد علی نے جس طرح پاکستانی ڈرامے میں حقیقت کے رنگ بھرے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ رضامراد فوٹوفائل

عابد علی نے جس طرح پاکستانی ڈرامے میں حقیقت کے رنگ بھرے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ رضامراد فوٹوفائل

لاہور:  بالی ووڈ کے معروف اداکار رضا مراد نے پاکستانی لیجنڈ اداکار عابد علی کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عابد علی جیسا فنکار  صدیوں میں پیدا ہوتا ہے۔

رضامراد نے کہا عابد علی نے جس طرح پاکستانی ڈرامے میں حقیقت کے رنگ بھرے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ بطور  فنکار میں یہ بات بخوبی جانتا ہوں کہ کسی بھی کردار کو اپنا بنانا  انتہائی مشکل کام ہے لیکن جس طرح سے انہوں نے ان گنت ڈراموں میں یادگار کردارنبھائے، ان کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔

رضامراد کامزید کہنا تھا کہ عابد علی کا فنی قد بڑا اور میرے الفاظ چھوٹے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج فن کا ایک روشن ستارہ ماند پڑ گیا۔  وہ آج ہم میں نہیں رہے لیکن ان کا کام ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ عابد علی کو اپنے جواہر رحمت میں جگہ دیں۔ آمین

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔