ارشد پپو قتل کیس میں نامزد ملزم برطرف پولیس افسر گرفتار

سیاسی شخصیت نے امن کمیٹی کوانسپکٹر جاوید بلوچ کی رہائی کی یقین دہانی کرادی


Staff Reporter September 29, 2013
ارشد پپو قتل کیس میں نامزد ملزم برطرف پولیس افسر سمیت 15 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ فوٹو: فائل

رینجرز کی بھاری نفری نے لیاری کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ارشد پپو قتل کیس میں نامزد ملزم برطرف پولیس افسر سمیت 15 ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔

ایک اعلیٰ شخصیت نے کالعدم امن کمیٹی کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس افسر کو چھوڑ دیا جائے گا ، ذرائع کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے چاکیواڑہ کے علاقے مولا مدد اسٹاپ پر اسٹیٹ ایجنسی پر چھاپہ مار کر سابق ایس ایچ او چاکیواڑہ برطرف پولیس انسپکٹر جاوید بلوچ ولد عبد الصمد بلوچ کو حراست میں لے لیا ، جاوید بلوچ کلا کوٹ پولیس لائن کا رہائشی جبکہ وہ ارشد پپو قتل کیس میں بھی نامزد ملزم ہے ، رینجرز ترجمان نے جاوید بلوچ کے پکڑے جانے سے لاعلمی کا اظہار کیا ۔



دوسری کارروائی کے دوران رینجرز نے سنگو لائن سے عدنان برائٹ اسکول والے کے بھائی ہارون بلوچ کو حراست میں لے لیا جبکہ لیاری بکرا پیڑی چوک چھٹ پٹ مارکیٹ ،دھوبی گھاٹ ، ٹینری روڈ اور عمر لائن میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران13مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، حراست میں لیے جانے والوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، ذرائع نے بتایا کہ چھٹ پٹ مارکیٹ میں لیاری گینگ وار کے ملزم ماما غفار عرف موٹا کے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر داؤ پر لگی رقم ، اور آلات قمار بازی برآمد کر لیے جبکہ جوئے کے اڈا کا مالک اور جواری فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

چاکیواڑہ عمر لائن میں عبد الجبار عرف لنگڑا کے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر داؤ پر لگی رقم ، آلات قمار بازی اور منشیات برآمد کر لی ، ذرائع نے بتایا کہ برطرف پولیس انسپکٹر جاوید بلوچ کے پکڑے جانے کے بعد کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے ایک رہنما نے لیاری کی ایک سیاسی شخصیت سے رابطہ کر کے جاوید بلوچ کی رہائی کے لیے کہا جس پر اس نے کہا کہ میں نے اس کی رہائی کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا ہے جس پر انھوں نے اس کی رہائی کی یقین دہانی کرائی ہے ،واضح رہے ارشد پپو قتل کیس میں اس سے قبل انسپکٹر یوسف بلوچ کو گرفتار کیا گیا تھا جسے کلاکوٹ پولیس نے بوٹ بیسن تھانے لے جاتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی کر دیا تھا اور کہا تھا کہ یوسف بلوچ پولیس کی حراست سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا ، ارشد پپو قتل کیس میں سابق ایس ایچ او کلری برطرف پولیس انسپکٹر چاند خان نیازی بھی نامزد ہے ۔

مقبول خبریں