باکسنگ‘ ایڈونیس اسٹیونسن نے ڈبلیو بی سی ٹائٹل جیت لیا

یہ 36 سالہ اسٹیونسن کی لگاتار 9ویں فتح ہے اور انھوں نے اپنے ریکارڈ کو 22-1 سے بہتر بھی بنالیا


Sports Desk September 30, 2013
شاویز جونیئر کی ایک برس بعد کھیل میں کامیاب واپسی، ناکام برائن فیصلے پر مایوس۔ فوتو: رائٹرز

کینیڈا کے ایڈونیس اسٹیونسن نے سابق ورلڈ چیمپئن ٹیووریس کولڈ کو 7 رائونڈز میں مات دیکر ڈبلیو بی سی لائٹ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔

یہ 36 سالہ اسٹیونسن کی لگاتار 9ویں فتح ہے اور انھوں نے اپنے ریکارڈ کو 22-1 سے بہتر بھی بنالیا، انھوں نے اس سے قبل جون میں امریکن باکسر چاڈ ڈائوسن کو بھی محض76 سیکنڈز میں زیر کرلیا تھا، فتح کے بعد انھوں نے کہا کہ میں نے دو چیمپئنز کو مات دے دی ہے، اپنی کامیابی کا رازانھوں نے باکسنگ کی بنیادی باتوں پر عمل پیرا ہونے کو گردانا۔ دوسری جانب جولیو سیسار شاویز جونیئر نے ایک برس بعد باکسنگ رنگ میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے برائن ویرا کیخلاف متفقہ لیکن متنازع فیصلے کی بدولت فتح حاصل کرلی۔



ڈبلیو بی سی مڈل ویٹ چیمپئن سرجیو مارٹینز سے شکست کے بعد باکسنگ سے دور رہنے والے شاویز جونیئرکو تینوں ججز نے 96-94، 97-93 اور 98-92 سے فاتح قرار دیا،وہ کینابیز کے استعمال پر ٹیسٹ مثبت آجانے کے بعد 9 ماہ پابندی کی سزا کاٹنے کے بعد کھیل میں واپس آئے،ان کے حریف برائن ویرا کا خیال تھا کہ وہ جیت کیلیے خاطرخواہ پنچز شاویز کو جڑچکے ہیں ، انھوں نے نتیجے پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے کیریئر کی بہترین پرفارمنس تھی لیکن ججز کے فیصلے نے مجھے خاصا مایوس کیا ہے ۔