’’فیس بک‘‘ پر جعلی اکاؤنٹ سے سعید اجمل پریشان

9لاکھ افرادکی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے،صرف ٹویٹرپرموجودہوں،اسپنر


Saleem Khaliq October 01, 2013
9لاکھ افرادکی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے،صرف ٹویٹرپرموجودہوں،اسپنر۔ فوٹو: فائل

''فیس بک'' پر جعلی اکاؤنٹ نے پاکستانی اسپنر سعید اجمل کو پریشان کر دیا،اس کے ذریعے تقریباً9لاکھ افراد کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے، سعید نے واضح کیاکہ مذکورہ سوشل ویب سائٹ پر اکاؤنٹس سے ان کا کوئی تعلق نہیں، پرستار اگر رابطہ رکھنا چاہتے ہیں تو ٹویٹر پر تصدیق شدہ اکاؤنٹ کو فالو کریں۔

تفصیلات کے مطابق '' فیس بک '' پر سعید اجمل کے نام سے کئی اکاؤنٹس موجود اور بعض پر تو سابق کرکٹرز اور میڈیا کے نمائندوں سمیت ہزاروں لوگ دوست ہیں، صرف ایک اکاؤنٹ کو8لاکھ 76 ہزار867افراد نے لائیک کیا ہوا ہے،اسی کے ساتھ ان کا ایک ''فین پیج'' بھی موجود جسے پسندکرنے والوں کی تعداد3لاکھ 55ہزار409 ہے، نمائندہ ''ایکسپریس'' نے جب اس بارے میں ان سے استفسار کیا تو انھوں نے جواب دیا کہ تمام اکاؤنٹس جعلی اور میں خود ان سے تنگ ہوں، میں نے تحقیقات کیں تو علم ہوا کہ کراچی کا ایک شخص اس کام میں ملوث ہے۔



اسے تنبیہ کی پھر بھی باز نہ آیا اب اگلے لائحہ عمل پر غور کر رہا ہوں، انھوں نے کہا کہ میں اپنے پرستاروں سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر وہ مجھ سے رابطے میں رہنا چاہتے ہیں تو ٹویٹر پر تصدیق شدہ اکاؤنٹ '' رئیل سعید اجمل'' کو فالو کریں۔ یاد رہے کہ کسی کے نام سے سوشل ویب سائٹس پر جعلی اکاؤنٹس بنانا سائبر کرائمز کے زمرے میں آتا اور اس کی سزا کئی برس قید ہے۔