ایف بی آرکاپروٹوکول ونگ قائم کرنے کا فیصلہ

ونگ نگراںچیئرمین کااسپیشل اسسٹنٹ،2افسر،2انسپکٹرزودیگرعملہ تعینات کیاجائیگا۔


Irshad Ansari August 31, 2012
ونگ نگراںچیئرمین کااسپیشل اسسٹنٹ،2افسر،2انسپکٹرزودیگرعملہ تعینات کیاجائیگا۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چیئرمین ایف بی آر اور ممبران سمیت دیگر اعلیٰ افسران کے پروٹوکول، ملکی و غیرملکی دوروں کے انتظامات، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر انتظامات کیلیے پروٹوکول ونگ کے نام سے نیا ڈپارٹمنٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر اور ممبران کے پروٹوکول کیلیے یہ پروٹوکول ونگ ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں قائم کیا جائیگا اور اس ونگ کی نگرانی و مانیٹرنگ چیئرمین ایف بی آر کا اسپیشل اسسٹنٹ (ایس اے)ہوگا اور ونگ کی آپریشنل ذمے داریاں سیکنڈ سیکریٹری مجیب الرحمٰن تالپور ادا کریں گے اور وہ ایس اے ٹو چیئرمین ایف بی آر کو رپورٹ کریںگے جبکہ اس ونگ میں گریڈ 17کے 2 افسران، 2انسپکٹرز، ایک نائب قاصد اوردیگر عملہ تعینات کیا جائیگا۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ونگ ایف بی آر کے چیئرمین کے ملکی و غیرملکی دوروں سے تمام متعلقہ تمام تر انتظامات کا ذمے دار ہوگا اور چیئرمین و ممبران کے دوروں کیلیے انکے ایئرٹکٹس کا انتظام کرنا، ایئرپورٹ تک ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا اور جس جگہ دورے کیلیے جارہے ہیں وہاں ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا بھی انکی ذمے داری ہوگی، اس کے علاوہ صدر، وزیراعظم و وفاقی وزرا سمیت دیگر ملکی وغیرملکی شخصیات اور وفود کی ایف بی آرآمد کے موقع پر ریفریشمنٹ سمیت پروٹوکول سے متعلقہ تمام انتظامات کرنا بھی اس ونگ کی ذمے داری ہوگی۔