گرفتار سابق ڈی جی پارکس کے گھر پر نیب کا چھاپہ

نمائندہ ایکسپریس / اسٹاف رپورٹر  جمعـء 20 ستمبر 2019
لیاقت علی کے گھر سے 8 گاڑیاں، اسلحہ، پراپرٹی فائلیں، کے ایم سی کا سرکاری ریکارڈ برآمد۔ فوٹو: فائل

لیاقت علی کے گھر سے 8 گاڑیاں، اسلحہ، پراپرٹی فائلیں، کے ایم سی کا سرکاری ریکارڈ برآمد۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد / کراچی:  نیب نے جعلی بینک اکا ؤنٹس کیس میں گرفتار کے ایم سی کے سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے لیاقت علی کے گھر پر چھاپہ مارا اور 8 گاڑیاں،اسلحہ،پراپرٹی کی فائلیں،زیورات اور کے ایم سی کا سرکاری ریکارڈ برآمد کر لیا گیا۔

نیب کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ ملزم موجودہ میئر کراچی وسیم اختر کا مشیر بھی ہے۔ ملزم لیاقت علی نے سابق صدرآصف زرداری اور پرویز مشرف سے ایوارڈ بھی لیے۔ ملزم کے گھر سے 243 اشیا برآمد ہوئیں جن کی تفصیلات 8 صفحات پر درج کی گئی۔ ملزم سے ڈالر، درہم، ریال سمیت غیرملکی اور مقامی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم لیاقت علی کو کراچی احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد نیب راولپنڈی منتقل کیا جائے گا اور ملزم سے تفتیش میں مزید بڑے نام سامنے آنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا احتساب عدالت نے شہری حکومت میں کرپشن سے متعلق سابق ڈی جی پارکس و مشیر میئر کراچی لیاقت علی کا 3 روزہ راہ داری ریمانڈ منظور کر لیا۔ احتساب عدالت کے روبرو شہری حکومت میں کرپشن سے سابق ڈی جی پارکس و مشیر میئر کراچی لیاقت علی کو پیش کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔