ای سی سی نے5 لاکھ ٹن کھاد درآمد کرنیکی منظوری دیدی

آئی ایم ایف کے اہداف پورے ہونے پر اظہار اطمینان، نئی آٹو پالیسی تیارکرنے کیلیے کمیٹی قائم


Numainda Express October 03, 2013
آئی ڈی پیزکی امدادکیلیے ورلڈفوڈ پروگرام کو 75 ہزارمیٹرک ٹن گندم عطیہ کرنیکی بھی منظوری۔ فوٹو: فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی )نے ربیع سیزن کیلئے پانچ لاکھ ٹن کھاددرآمدکرنیکی منظوری دیدی ہے اوروزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو ہدایت کی ہے کہ ربیع سیزن میںکھادکی تیاری کیلیے کھادکے کارخانوں کو مختص شُدہ کوٹے کے مطابق گیس کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔

جبکہ نئی آٹو پالیسی تیارکرنے کیلیے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی سربراہی میںکمیٹی قائم کردی ہے جو45 دن میںنئی آٹو پالیسی تیارکرکے منظوری کیلیے ای سی سی کے سامنے پیش کرے گی۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیرصدارت اجلاس میں7 نکاتی ایجنڈے کاجائزہ لیاگیا۔



اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میںبتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ای سی سی نے نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹڈ،یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن اور خزانہ ڈویژن کو ٹریڈنگ کارپوریشن کو کی جانیوالی ادائیگیوں کی ری کنسیلیئشن کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوارکی پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے تین جولائی 2012 کو کیاجانے والافیصلہ واپس لینے تجویزکی بھی منظوری دیدی ہے جس کے بعدسے ای سی سی نے اٹھارہ ممبران پرمشتمل پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ ای سی سی کے اجلاس میںابھی فاٹااورپاٹاکے آئی ڈی پیزکی امدادکیلئے ورلڈ فوڈ پروگرام کو 75 ہزارمیٹرک ٹن گندم عطیہ کرنے کی بھی منظوری دیدی جس کے تحت فاٹااورکے پی کے ایک لاکھ 75 ہزارپانچ سو متاثرہ خاندانوں کو خوارک کی فراہمی کو یقینی بنایاجائیگا۔