مرحلہ وار مذاکرات سے تعلقات بہتر ہونگے زرداری منموہن اتفاق

تہران:صدر زرداری اوربھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نام کانفرنس کے موقع پر ملاقات کررہے ہیں۔


News Agencies/Monitoring Desk August 31, 2012
تہران:صدر زرداری اوربھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نام کانفرنس کے موقع پر ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

صدر مملکت آصف علی زرداری اور بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے درمیان جمعرات کو تہران میں ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات غیر وابستہ ممالک کی تحریک (نام) کے 16ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ امور، پاک بھارت تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں رحمان ملک، حنا ربانی کھر، بلاول بھٹو زرداری اور بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا بھی شریک ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں مذاکرات کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مرحلہ وار مذاکرات سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری آسکتی ہے، آئی این پی کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پاک بھارت مذاکراتی عمل پر اطمینان کا ا ظہار اور تمام مسائل کے حل کیلیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاچن، سرکریک، مسئلہ کشمیر اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، ایک نجی ٹی وی کے مطابق صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کے جلد دورہ پاکستان کا منتظر ہوں۔

مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی مگر ابھی بہت فاصلہ طے کرنا ہے۔ بھارت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صدر زرداری نے ان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کرونگا۔ ممبئی حملوں کے ملزموں کو سزا ملنے سے تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔ دریں اثناء تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ غیر وابستہ ممالک کی تحریک بین الاقوامی مسائل کے حل میں موثرکردار ادا کریگی، پاکستانی حکومت اور عوام اس عالمی تنظیم کی کامیابی کے خواہاں ہیں، تنظیم کے رکن ممالک کا اتحاد اور یکجہتی دنیا میں پائیدار امن کے قیام کا باعث بنے گا۔

ایران، دنیا اور خاص طور پر خطے میں ایک اہم ملک کی حیثیت رکھتا ہے اور اس تحریک پر ایران کی سربراہی، نام کے عالمی اہداف کے حصول میں بہت مفید ثابت ہو گا، علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری سے تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن نے ملاقات کی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق ملاقات میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ تاجکستان تاجروں کیلیے توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کار ی کے بہت مواقع ہیں جن سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ادھر بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے تہران میں ایرانی صدر احمدی نژاد سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے جوہری معاملات، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ این این آئی کے مطابق صدر زرداری اور ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور پاک ایران اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔