تباہ کن زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری

عوام جس کسمپرسی اور درد انگیز صورتحال سے دوچار ہیں، اس کی عکاسی الیکٹرانک میڈیا کررہا ہے۔


Editorial September 28, 2019
عوام جس کسمپرسی اور درد انگیز صورتحال سے دوچار ہیں، اس کی عکاسی الیکٹرانک میڈیا کررہا ہے۔ فوٹو: فائل

آزادکشمیرکے علاقے میرپور میں تباہ کن زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے،آفٹر شاکس کے نتیجے میں مزید 75 افراد زخمی ہوئے،جن کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

دنیا بھرمیں زلزلے، طوفان اور سیلاب آتے رہتے ہیں لیکن ہمارے ہاں جتنا نقصان ہوتا ہے،اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے ان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے ہیں، جو محکمے سرکاری سطح پر اس ضمن میں بنائے جاتے ہیں وہ صرف فائلوں کی حد تک محدود رہتے ہیں اور اکثرکے پاس ہیوی مشینری نہیں ہوتی اور نہ ہی مکمل اسٹاف ،لہٰذا مسائل مزید بڑھ جاتے ہیں۔ زلزلے کے بعد کچھ علاقوں میں عوام امدادکے تادم تحریر منتظر ہیں۔

جہلم شہر اورگردونواح میں پھر دوبارہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ عوام جس کسمپرسی اور درد انگیز صورتحال سے دوچار ہیں، اس کی عکاسی الیکٹرانک میڈیا کررہا ہے۔ ہر درد مند پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے فکرمند ہے اور وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کی رسائی ابھی ان علاقوں تک نہیں ہے۔

بہت سے ایسے دیہات اور دورافتادہ علاقے ہیں جہاں امداد نہیں پہنچ پا رہی ہے اور لوگ کھانے پینے سے بھی محروم ہیں۔ چھت تو پہلے چھن گئی ہے اب کھلے آسمان تلے پڑے ہیں، خیمے بھی ہرجگہ نہیں پہنچ پائے ہیں۔ یہ ایک ایسا انسانی المیہ ہے جس پر جتنے بھی دکھ کا اظہار کیا جائے وہ کم ہے۔ انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ اخباری اطلاعات کے مطابق اب تک اسپتال لائے گئے زیادہ تر مریض خوف کا شکار ہیں۔

میرپورکے اسپتال میں زیر علاج مریضوں نے زلزلے سے خوفزدہ ہوکر اسپتال کی عمارت میں رہنے سے انکارکردیا اور انھوں نے اسپتال کی پارکنگ میں ڈیرے ڈال لیے۔ وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا انھوں نے کہا کہ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک جنگی بنیادوں پرکام کریں گے۔

یقیناً حکومت پاکستان اور آزاد کشمیرکی حکومت زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں، فلاحی ادارے بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں تعمیر نوکے عمل میں زلزلہ پروف عمارتوں کی تعمیر بنیادی نقطہ ہونا چاہیے۔ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور انشاء اللہ یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں