بارش سے شاہراہیں اور نشیبی علاقے زیر آب انڈرپاس سوئمنگ پول بن گئے

حکومت کی جانب سے نکاسی آب کا کوئی موثر نظام ہی نہیں بنایا گیا،بارش میں کروڑوں روپے سے بنائی گئیں سڑکیں تباہ ہوگئیں


Staff Reporter September 28, 2019
ٹریفک جام اورسیلابی صورتحال سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،سرجانی، ناگن چورنگی، ناظم آباد میں موسلا دھار بارش نے پورا محلہ ہی ڈبو کر رکھ دیا ۔ فوٹو : ایکسپریس

شہر قائد میںگزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑکر رکھ دیا ہے۔

کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر قائد میں نظام زندگی درہم برہم کردیا،شہر کی اہم اور مرکزی شاہراہیں، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، نکاسی آب کا ناقص نظام ہونے کے سبب شاہراوں پر گڑھے پڑچکے ہیں جس کی وجہ سے اہلیان کراچی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔



تفصیلات کے مطابق شہر میں ہونے والی چند گھنٹوں کی بارش نے کراچی کا نقشہ بدل کر رکھ دیا،شاہراہ فیصل، ناتھاخان، نیپا چورنگی، یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ، کورنگی روڈ، کالاپل، قیوم آباد چورنگی، سرجانی سمیت کئی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی متاثر رہی جس سے شہر میں ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کے سبب شہر کی مرکزی سڑکیں اور رہائشی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں، گٹر فوارے کی طرح ابل پڑے، اربوں روپوں کی لاگت سے تیار شدہ یونیورسٹی روڈ پر فٹ پاتھ کے برابر پانی جمع ہونے سے کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں ڈوب گئیں ہیں، سرجانی ٹاؤن، ناگن چورنگی، ناظم آباد میں موسلا دھار بارش نے پورا محلہ ہی ڈبو کر رکھ دیا ہے۔

بازار، گلیاں اور گھروں میں ہر سو پانی ہی پانی ہے، بلند و بانگ دعوے کرنے والی انتظامیہ دور دور تک نظر نہیں آئی، شہر میں موجود لیاقت آباد،ناظم آباد، سب میرین، غریب آباد، ڈرگ روڈ، پاک کالونی انڈر پاسز میں پانی بھر جانے کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

شہریوں کاکہنا ہے کہ کراچی میں ہر برسات کے بعد شہر میں سیلابی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے، ناقص انفرا اسٹرکچر کی وجہ سے ہر بار اتنی ہی مشکلات و پریشانی سے دوچار رہنا پڑتا ہے،کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ جاتی ہے ایسا لگتا ہے کہ ہم لوگ کسی شہر نہیں بلکہ گاؤں میں رہتے ہیں جہاں دو بوندیں برسنے پر حال بے حال ہوجاتا ہے، نہ کہی آسکتے ہیں اور نہ کہی جاسکتے ہیں۔



بارش کے سبب گھروں میں محصور ہونا پڑتا ہے، اس شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے،نالے صاف نہیں کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے پانی نالوں میں جانے کے بجائے بیک مارتا ہے، شہر میں کبھی ایک سیاسی پارٹی تو کبھی دوسری سیاسی پارٹی صفائی مہم چلاتی ہے لیکن جب بارش ہوتی ہے تو تمام جماعتوں کی کارکردگی کی قلعی کھل جاتی ہے۔



گلشن کے رہائشی نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارش شہر کیلئے ایک گھمبیر مسئلہ بن گئی ہے، گٹر ابل گئیہیں، ہر گلی، محلہ نالے کا منظر پیش کرنے لگاہے موجودہ تبدیلی نے اس شہر کے باسیوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے،انتظامیہ اور اداروں کے کان پر جوں نہیں رینگتی ہے، چند بوندیں پڑتے ہی کے الیکٹرک کا نظام خراب ہوجاتا ہے ،گھنٹوں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسنا پڑتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں