مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید شوپیاں میں ہڑتالمظاہرے

قابض اہلکاروں نے نوجوانوں کوضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن میںشالہ بٹو کے مقام پرایک آپریشن کے دوران شہید کیا


News Agencies October 05, 2013
پیپلز فریڈم لیگ کے چیف آرگنائزرسمیت 8 کارکن گرفتار۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کر کے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

بھارتی فوج کی کارروائی کیخلاف احتجاج کرنے پر جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے متعدد لیڈر اور کارکن گرفتارکرلیے گئے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے 2 نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن میں شالہ بٹو کے مقام پرایک آپریشن کے دوران شہید کیا، اس علاقے میں گزشتہ 2 ہفتوں سے جاری آپریشن کے دوران شہید کیے گئے نوجوانوں کی تعداد 17 ہوگئی، ادھر بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر پیپلزفریڈم لیگ کے چیف آرگنائزر محمد الطاف خان اور جنرل سیکریٹری غلام احمد پرے سمیت متعدد لیڈروں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے یہ گرفتاریاں سری نگر میں پارٹی دفتر پرچھاپہ مارکر اورپریس کالونی میں پارٹی کے احتجاجی دھرنے کے دوران کیں۔



بھارتی پولیس نے دھرنے کے شرکا پر وحشیانہ تشدد کیا اور8 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ دوسری طرف بھارتی فورسز کے ہاتھوں 5 بے گناہ نوجوانوں کے قتل کے خلاف شوپیاں قصبے میں احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کی طرف سے نوجوانوں کے قتل میں ملوث بھارتی پولیس کے کیمپ کو علاقے سے ہٹانے اور مجرم اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا جارہا ہے۔ جمعہ کو قصبے میں کی جانے والے احتجاجی ہڑتال کے باعث معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر رہی۔ قصبے میں دکانیں اورکاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پرٹریفک معطل رہی۔ لوگوں نے نماز جمعہ کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔