نمبر ون پوزیشن سے زیادہ اہم میری صحت ہے رافیل نڈال

بغیر صحت کے میرے لیے کچھ بھی کرنا ممکن نہیں ہوتا،رافیل نڈال


AFP October 06, 2013
یہاں تک پہنچنے کیلیے جو محنت کی وہ بارآور ثابت ہوئی، اسپینش ٹینس اسٹار۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI: اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے کہاکہ میرے لیے نمبرون پوزیشن سے زیادہ اہم اپنی صحت ہے۔

گذشتہ برس ومبلڈن کے دوسرے رائونڈ میں شکست کے بعد گھٹنے کی دیرینہ انجری سے نجات پانے کیلیے نڈال نے تقریباً سات ماہ کھیل سے دوری اختیار کیے رکھی، رواں برس فروری میں کھیل کی واپسی کے بعد سے ان کی ناقابل یقین پرفارمنس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے،اس کا صلہ انھیں ہفتے کو دوبارہ نمبرون پوزیشن کی صورت بھی مل گیا ، بیجنگ میں جاری چائنا اوپن کے سنگلز فائنل میں رسائی نے انھیں اس مرتبے پر فائز کرا دیا، سیمی فائنل میں ان کے مقابل آنے والے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ انجری کے سبب دستبرداری پر مجبور ہوگئے، یوں نڈال نے سربیا کے نووک جوکووک سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، نڈال نے فلسفیانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے نمبرون پوزیشن پر دوبارہ فائز ہونے سے بھی زیادہ اہم صحتمند رہنا ہے۔



ذاتی طور پر یہ بات زیادہ اطمینان بخش نہیں کہ آج میں دوبارہ نمبرون بن گیا بلکہ میں اس لیے مطمئن ہوں کہ میں نے یہاں تک پہنچنے کیلیے جو محنت کی وہ بارآور ثابت ہوئی، اس میں میرا صحتمند رہنا اہم رہا، ہر مرتبہ جب بھی کسی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کیلیے میدان میں اترتا مجھے یہ احساس ہوتا کہ میں یہ مقابلہ ہار بھی سکتا اور فتحیاب ہوکر بھی باہر آسکتا ہوں،ان سب کیلیے میرا فٹ رہنا اہم رہا کیونکہ بغیر صحت کے میرے لیے کچھ بھی کرنا ممکن نہیں ہوتا، نڈال نے اپنے کیریئر کے تاریک دور 2012 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے رواں برس خود کو فٹ رکھ پانا سب سے زیادہ اطمینان بخش بات ہے۔

رواں برس جون میں ومبلڈن کے پہلے رائونڈ میں غیرمتوقع شکست کے بعد سے نڈال ناقابل تسخیر بن چکے، وہ موجودہ سیزن میں اب تک 10اے ٹی پی ٹائٹلز بھی اپنے نام کرچکے ہیں، اسپینش اسٹار رواں برس 14 ایونٹس میں شریک ہوئے اور اس میں سے 13 کے فائنلز تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے،27 سالہ نڈال اپنے کیریئر میں اب تک 13گرینڈ سلم ٹرافیز جیت چکے ہیں، اس میں رواں برس کا یوایس اوپن بھی شامل ہے، انھیں راجرفیڈرر کے 17 گرینڈ سلم کا آل ٹائم ریکارڈ برابر کرنے کیلیے مزید چار ایسے ٹائٹلز درکار ہوں گے۔