گولڈ کپ ہاکی آرمی نے نیشنل بینک پر فتح حاصل کرلی

پی آئی اے نے پولیس، کسٹمز نے نیوی کوہرایا، پی اے ایف اور ایچ ای سی کا مقابلہ برابر


Sports Reporter October 06, 2013
آرمی کی طرف سے حبیب حسن اور سفیر حسین نے 2، 2 جبکہ حسین عرفی نے ایک گول کیا۔ فوٹو: فائل

گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں آرمی نے نیشنل بینک کیخلاف سخت مقابلے کے بعد 5-4سے فتح حاصل کر لی، پی آئی اے نے پولیس اور کسٹمز نے نیوی کو زیر کیا، پی اے ایف اور ایچ ای سی کا مقابلہ برابر رہا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں آرمی کی طرف سے حبیب حسن اور سفیر حسین نے 2، 2 جبکہ حسین عرفی نے ایک گول کیا، این بی پی کے سبطین نے 2 جبکہ محمد حافظ، اور رضوان نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی،پہلے ہاف تک اسکور 2-1 تھا۔ پی آئی اے نے پولیس کو 4-2 سے زیر کیا،پہلے ہاف پر فاتح ٹیم کو ایک کے مقابلے میں2 گول سے برتری حاصل تھی، ایئر لائنزکی طرف سے محمد زبیر، نوہیز ملک ، عنایت اللہ اور اسد یعقوب جبکہ پولیس کے عاطف بیگ اور شبیر نے گول کیے۔کسٹمز نے نیوی کو 4-1 سے شکست دی، پہلے ہاف تک اسکور 1-1 تھا، فاتح ٹیم کی طرف سے عدیل حسین، مبشر، عامر اور آصف نے گیند جال میں پہنچائی، ناکام سائیڈکا واحد گول صابر نے کیا۔



پی اے ایف اور ایچ ای سی کا مقابلہ4-4 گول سے برابر رہا، پہلے ہاف پر پی اے ایف کوتین کے مقابلے میں چار گول کی برتری حاصل تھی، وقفے کے بعد ایچ ای سی نے گول کر کے مقابلہ کر دیا۔ پی اے ایف کی طرف سے محمد آصف، ہارون خان، عدنان احمد، عدیل خان نے گول کیے، ایچ ای سی کے رضوان احمد نے 2 جبکہ شہریار اور عدنان نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ اتوار کو ایونٹ کے مزید3 مقابلے ہوں گے، ایچ ای سی کا سامناکسٹمز، واپڈا کا پی اے ایف اور آرمی کا پورٹ قاسم سے مقابلہ ہوگا۔