کیرن سیکٹر بھارتی فوج نے مزید7کشمیری در انداز قرار دیکر شہید کر دیے

3 چوکیاں خالی کرانے کیلیے بڑا فوجی آپریشن22ستمبر سے جاری ہے، بی بی سی


این این آئی/Net News October 06, 2013
سری نگر:بھارتی فوجی مقبوضہ وادی میں ممکنہ احتجاج کی روک تھام کے لیے الرٹ کھڑے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، ہفتے کو بھارتی فوج نے کیرن سیکٹر میں مزید 7کشمیریوں کو درانداز قرار کو ہلاک کردیا گیا۔

جموں میں تعینات بھارتی فوج کی شمالی کمان کے ترجمان کرنل راکیش کالیا نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلا تصادم جمعے کو گوجر ڈھوک میں ہوا جس میں3دراندازوں کو مارا گیا جبکہ دوسری جھڑپ ہفتے کی صبح فتح گلی میں ہوئی جس میں4درانداز ہلاک ہوئے۔ بھارتی فوجی ترجمان کے مطابق دراندازوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدکیا گیا ہے۔ ترجمان ہلاک ہونیوالے افراد کی شناخت یا لاشوں کے بارے میں تفصیلات نہیں دیں۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق کیرن سیکٹر میں اب تک کے اس طویل ترین محاصرے کے بارے میں قابض فوج نے وضاحت کیساتھ تفصیلات جاری نہِیں کیں جس کی وجہ سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا اس بات کو خوب اْچھال رہا ہے کہ15 سال قبل کارگل کی پہاڑیوں پر لڑی گئی جنگ اس بار شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لڑی جائے گی۔ معتبر ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج کی ایک یونٹ کے تبادلے کے دوران نئی یونٹ نے کلہاڑی پوسٹ، کھوکری پوسٹ اور مٹھل ٹاپ پر کوئی مورچہ نہیں بنایا۔ سیکیورٹی انتظامیہ سے وابستہ ایک افسر نے بتایا کہ 'ہوسکتا ہے انہیں بھول گیا ہو یا رابطے میں کوئی گڑبڑ ہوگئی اور مسلح دراندازوں نے اس کا فائدہ اْٹھایا۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے الزام لگایا کہ پاکستانی علاقے سے مسلح افراد نے لائن آف کنٹرول عبور کر کے شالہ بھٹ نامی ایک غیرآباد گاؤں پر قبضہ کرلیا اور ان تینوں پوسٹوں کے قریب مورچہ بندی کرلی۔



 

یہ سب کچھ ستمبر کے پہلے2ہفتوں میں ہوا۔ فوج کو خفیہ اطلاع20 ستمبر کو ملی جس پر21 ستمبر کو سرینگر میں تعینات فوجی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل گورمیت سنگھ نے تمام فوجی یونٹوں کے سربراہوں کا اجلاس طلب کیا۔ 22ستمبر کو شالہ بھٹھو گاؤں اور اس سے ملحقہ مقبوضہ پوسٹوں کو خالی کرانے کے لیے وسیع آپریشن شروع کیا گیا جو اب بھی جاری ہے۔ اس آپریشن کے دوران بعض فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے تاہم فوج نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقام پر بھارتی فوج لائن آف کنٹرول کی خاردار تاروں کو ڈیڑھ کلومیٹر پیچھے لے آئی تھی۔گاؤں کی دوسری جانب پاکستانی فوج کی646 نمبر کی 'مجاہدین پوسٹ' واقع ہے۔ادھر این این آئی نے نجی ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی فوج نے وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول کے قریب 2 پاکستانی شہریوں کو اغوا کرلیا ۔ مقامی ذرائع کے مطابق اغوا کئے گیے افراد کے نام ملک فرید اور فرید پراچہ ہیں۔مقامی آبادی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلیے بھارتی فورسز کے حملوں کا منہ توڑ جواب دے۔

مقبول خبریں