تھری جی نیلامی کیلیے پی ٹی اے کو پالیسی ڈائریکٹو جاری

نیلامی شفاف،ٹیکنالوجی منتقلی ومینوفیکچرنگ کیلیے سہولتیں دی جائیں گی، وزارت آئی ٹی


Numainda Express October 08, 2013
تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل فروری 2014 تک مکمل کرلیا جائے گا، پی ٹی اے فوٹو: فائل

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو پالیسی ڈائریکٹو جاری کردیا جس کے تحت فروری 2014 تک تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل مکمل کیا جائیگا۔

اس ضمن میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیاکہ تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی صاف و شفاف طریقے سے کی جائے گی اور تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے حوالے سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، پی ٹی اے جلد سے جلد تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی صاف و شفاف طریقے سے کرنے کی خواہاں ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے پی ٹی اے کو جاری کردہ پالیسی ڈائریکٹو میں کہا گیا ہے کہ اسپیکٹرم کی ایلوکیشن ٹیکنالوجی نیچرل ہوگی اور نیلامی صاف و شفاف طریقے سے ہوگی۔



جبکہ نیلامی میں نئے لوگوں کو بھی حصہ لینے کی اجازت ہوگی، تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی میں حصہ لینے والوں میں جو کامیاب قرار پائیں گے انکی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جائیگی بلکہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ، ریسرچ اور ٹیلی کام سیکٹر میں جدت متعارف کرانے کے لیے سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ اعلامیے کے مطابق پی ٹی اے کی طرف سے بتایا گیاکہ فروری 2014 تک تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل مکمل کیاجائیگا۔