روپے کی قدر میں کمی اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنے سے پاکستان میں مہنگائی بڑھے گی آئی ایم ایف

شرح نمو میں کمی، بیروزگاری میں اضافہ ہوگا، سیاسی پیشرفت ناکام ہونے سے اصلاحات میں تاخیر ہوگی


Monitoring Desk October 09, 2013
بے روزگاری کی شرح 6.5 سے بڑھ کر 6.9 فیصد پر پہنچ جائے گی،عالمی مالیاتی ادارے کی نئی رپورٹ جاری۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: آئی ایم ایف نے اعتراف کیا ہے کہ روپے کی قدر کم ہونے اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنے سے پاکستان میں مہنگائی بڑھ جائیگی۔

آئندہ برسوں میں معاشی ترقی کی شرح میں کمی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا۔ عالمی مالیاتی ادارے نے عالمی اقتصادی آؤٹ لک کی نئی رپورٹ جاری کر دی ہے، جسکے مطابق مالی اور بیرونی خسارے کو کم کرنے کے اقدامات سے پاکستان کی شرح ترقی دباؤ کا شکار ہوسکتی ہے۔ سیاسی خطرات کے انڈیکس کے لحاظ سے پاکستان کا شمار دنیا کے بلند ترین شرح والے ممالک میں ہوتا ہیں۔ مقامی اور خطے کے عوامل بدستور ترقی کیلیے خطرے کا باعث بنے رہیں گے۔ خطے میں سیاسی پیشرفت ناکام ہونے سے اصلاحات میں تاخیر ہو گی۔ 2012 میں 4.4 فیصد کی سطح پر رہنے والی پاکستانی معیشت 2014 میں 2.5 فیصد پر آجائے گی۔



2014 میں بیروزگاری کی شرح 6.5 فیصد سے بڑھ کر 6.9 فیصد پر پہنچ جائیگی۔ بجلی کے شعبے میں اصلاحات، ترسیلات زر ، زرعی پیداوار میں استحکام ، عالمی اداروں اور دوست ممالک کی امداد سے آئندہ سالوں میں معاشی ترقی بڑھے گی۔ 2014 تک مہنگائی میں اضافے کی شرح اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہو گی۔ رپورٹ کے مطابق 2013میں عالمی معاشی شرح نمو 2.9 رہے گی، جو 2014 میں بڑھ کر 3.6 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ امریکی حکومت کی قرضہ لینے کی حد میں اضافہ نہ ہونیکی صورت میں عالمی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہوں گے۔ امریکی معاشی بحران کی وجہ سے عالمی کساد بازاری بدترین صورتحال اختیار کر لے گی۔