رنز کا پہاڑ سر کرتے ہوئے سندھ کے قدم لڑکھڑا گئے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 15 اکتوبر 2019
 سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن نے لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیے، ناردرن 5 وکٹ سے سرخرو، سہیل تنویر نے3وکٹیں لیں،عمر امین کی ففٹ۔ فوٹو: فائل

 سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن نے لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیے، ناردرن 5 وکٹ سے سرخرو، سہیل تنویر نے3وکٹیں لیں،عمر امین کی ففٹ۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے بلوچستان سے میچ میں رنز کا پہاڑ سر کرتے ہوئے سندھ کے قدم لڑکھڑا گئے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بلوچستان کی جانب سے امام الحق25رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 60تھا، اویس ضیا48گیندوں پر 7چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 77کی اننگز کھیلتے ہوئے مجموعہ 159تک پہنچا کر پویلین لوٹے،99رنز کی شراکت میں ان کا ساتھ دینے والے بسم اللہ خان 30گیندوں پر 4چوکوں اور اتنے ہی چھکوں سمیت 54رنز بنانے میں کامیاب رہے،کپتان حارث سہیل11 تک محدود رہے،عماد بٹ نے 10 گیندوں پر 31رنز بٹورے،حسین طلعت 18پر ناٹ آؤٹ رہے،بلوچستان نے 6وکٹ پر 233رنز کا پہاڑ کھڑا کیا،محمد حسنین نے42رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔

جواب میں سندھ نے خرم منظور(33)کی وکٹ 39کے مجموعی اسکور پر گنوائی،عابد علی اور احسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹوٹل 93 تک پہنچایا،احسن علی کی اننگز 23پر تمام ہوتے ہی وکٹوں کی جھڑی لگ گئی، انور علی کھاتہ بھی نہیں کھول پائے،عابد علی 23گیندوں پر 41رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل نے 28رنز بنائے،کپتان اسد شفیق ، سہیل خان اور کاشف بھٹی ایک، ایک رن بنا سکے،محمد حسنین 11کی مزاحمت کرپائے،ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے سرفراز احمد آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے،انھوں نے 36رنز بنائے،سندھ کی اننگز 181پر تمام اور 52رنز سے شکست گلے کا ہار بنی، عاکف جاوید اور عماد بٹ 3،3 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

آل راؤنڈ کارکردگی پر عماد بٹ مین آف دی میچ قرار پائے۔ قبل ازیں پہلے میچ میں ناردرن کے کپتان شان مسعودنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،صرف 79 رنز کے سفر میں 6کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

ٹاپ اور مڈل آرڈر میں صرف صہیب مقصود (25) ہی کچھ مزاحمت کرسکے، کپتان شان مسعود 9، سمیع اسلم 3، سلمان علی آغا 7اور سیف بدر 16رنز تک محدود رہے، مشکل وقت میں آل راؤنڈر عامر یامین نے 4 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کا سہارا دیا، وہاب ریاض نے16رنز بنائے۔

سدرن پنجاب نے گرتے پڑتے9وکٹ پر 135کا مجموعہ حاصل کیا، سہیل تنویر نے 27 رنز کے عوض 3 اور محمد عامر نے 19 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان اور محمد نواز نے بھی 1،1 وکٹ لی۔ جواب میں ناردرن کا آغاز متاثر کن نہ رہا،17 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، نوید ملک 1 اور روحیل نذیر 4رنز بناسکے۔

بعد ازاں اوپنر عمر امین نے آل راؤنڈر محمد نواز کے ہمراہ 63رنزکی شراکت سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، عمرامین41 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نواز نے 24 رنز اسکور کیے، مین آف دی میچ آصف علی نے اختتامی اوورز میں 24 گیندوں پر 44 رنز بٹورکر فتح کی راہ ہموار کردی،ان کی اننگز میں 3 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے،کپتان عماد وسیم 7تک محدود رہے۔

ناردرن نے ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹ پر حاصل کرلیا، دراز قامت فاسٹ بولر محمد عرفان اور اسپنر زاہد محمود نے 2،2 شکار کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔