واٹر پمپ اورعائشہ منزل فلائی اوور زکے ٹریک کا افتتاح

تعمیراتی کام مکمل کرکے فلائی اوورزکوجنوری 2014 تک کھول دیا جائیگا،عشرت العباد


Staff Reporter October 11, 2013
فلائی اوور کے سہراب گوٹھ آنیوالے ٹریکس دسمبرتک کھولے جائینگے،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ۔ فوٹو : این این آئی

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے جمعرات کو شاہراہ پاکستان پر تعمیر ہونے والے واٹر پمپ اور عائشہ منزل فلائی اوورز کے ٹریک کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ چاروں فلائی اوورز کا تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کرکے جنوری2014 تک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا،واٹر پمپ فلائی اوور اور عائشہ منزل فلائی اوورکا ایک ٹریک کھلنے سے اس شاہراہ کے اطراف گنجان آبادی سے مرکزی شاہراہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کو رواں رکھنے میں مدد ملے گی اور ٹریفک جام کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پالیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ثاقب سومرو نے بریفنگ میں بتایا کہ لیاقت آباد ڈاکخانہ اور تین ہٹی فلائی اوورز کے مقامات پر زیر زمین پانی اور سیوریج کی لائنیں موجود تھیں۔



جن کی وجہ سے پروجیکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی،واٹر پمپ فلائی اوور اور عائشہ منزل فلائی اوور کے لیاقت آباد سے سہراب گوٹھ آنے والے دوسرے ٹریک مکمل کرکے دسمبر میں کھول دیئے جائیں گے، لیاقت آباد ڈاکخانہ فلائی اوور کا سہراب گوٹھ سے آنے والا پہلا ٹریک رواں ماہ کے اختتام تک کھول دیا جائے گا، بعدازاں گورنر سندھ نے ناظم آباد7 نمبر کا دورہ کرکے ٹریفک کی ری ڈیزائننگ کے لیے پل کے نیچے بنائے گئے یوٹرن کا معائنہ کیا۔