قومی ٹی 20 کپ، شان، حفیظ اور شعیب کھاتہ کھولنے سے بھی محروم

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 18 اکتوبر 2019
بلوچستان نے سدرن پنجاب کو7وکٹ سے زیر کرلیا،امام الحق کی ففٹی،ناردرن نے سندھ کو ہرا دیا،سہیل اختر کے جارحانہ 63رنز۔ فوٹو: پی سی بی

بلوچستان نے سدرن پنجاب کو7وکٹ سے زیر کرلیا،امام الحق کی ففٹی،ناردرن نے سندھ کو ہرا دیا،سہیل اختر کے جارحانہ 63رنز۔ فوٹو: پی سی بی

 لاہور:  قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 7وکٹ سے زیر کرلیا، ناکام سائیڈ نے 7وکٹ پر 144کا مجموعہ ترتیب دیا جب کہ کپتان شان مسعود، محمد حفیظ اور شعیب ملک کھاتہ کھولنے سے بھی محروم رہ گئے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری ایونٹ کے پانچویں روز بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود اسکوررکو زحمت دیے بغیر رخصت ہوئے، کیریبیئن پریمیئر لیگ کے بعد پہلا ڈومیسٹک میچ کھیلنے والے محمد حفیظ بھی کھاتہ نہ کھول پائے،عمر صدیق 12رنز تک محدود رہے۔

سی پی ایل میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے شعیب ملک کا قومی ایونٹ میں آغاز اچھا نہیں رہا، وہ بھی صفر پر رخصت ہو گئے، صہیب مقصود (35) کے بعد سیف بدر 15رنز بنا سکے، عامر یامین نے قیمتی 27رنز کا اضافہ کیا، وہاب ریاض نے اختتامی اوورز میں 17 گیندوں پر31 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 7وکٹ پر 144 تک پہنچایا، بلاول بھٹی 12پر ناٹ آؤٹ رہے، عاکف جاوید نے3اور محمد اصغر نے2وکٹیں لیں۔

جواب میں بلوچستان کی جانب سے اویس ضیا(22) کی رخصتی سے 60 رنز کی اوپننگ شراکت ختم ہوئی، امام الحق (51) رن آؤٹ ہوئے، عمران بٹ نے 28 اور کپتان حارث سہیل نے 25 پر ناقابل شکست رہتے ہوئے ہدف 19.3 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، زاہد محمود نے 2 وکٹیں لیں۔امام الحق مین آف دی میچ قرار پائے۔ دوسرے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو علی عمران 4 رنز بنا سکے۔

سہیل اختر(63) ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے بعد رخصت ہوئے،عمر امین(36)رن آؤٹ ہوگئے،محمد نواز 13اور آصف علی 16گیندوں پر 30رنز بناکر پویلین لوٹے، شاداب نے کھاتہ نہیں کھولا،سہیل تنویر نے 2 رنز بنائے،عماد 27اور روحیل نذیر 8پر ناٹ آؤٹ رہے،ناردرن نے 7 وکٹ پر 191کا مجموعہ حاصل کیا،محمد حسنین نے2شکار کیے۔

جواب میں سندھ کی اننگز ابتدا سے اختتام تک ڈگماتی رہی، خرم منظور16،احسان علی29، سعد علی2، کپتان اسد شفیق17اور سعود شکیل15 تک محدود رہے،سرفراز احمد17رنز ہی بنا پائے،انور علی5، کاشف بھٹی 6، محمد حسنین1اور مرزا احسن جمیل2رنز تک محدود رہے، سہیل خان نے12رنز ناٹ آؤٹ بنائے، پوری ٹیم 125 پر ڈھیر ہوگئی،شاداب3اور عامر2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، سہیل اختر مین آف دی میچ قرار پائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔