فیڈرر کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز شنگھائی ماسٹرز سے باہر

مونفلز کی کامیابی، اوساکا ویمنز ٹینس میں میساکی ڈوئی نے کیمیکو ڈیٹ کروم کو 2ہفتوں میں دوسری بار پچھاڑ دیا


Sports Desk/AFP October 11, 2013
شنگھائی ماسٹرز :سوئس اسٹار راجر فیڈرر فرنچ حریف مونفلز کیخلاف شاٹ کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

راجر فیڈرر کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہو گیا اور وہ شنگھائی ماسٹرز سے بھی باہر ہوگئے ، فرنچ اسٹار جائلز مونفلز نے سوئس عظیم کھلاڑی کو سیزن میں ایک اور شکست کا شکارکردیا۔

اوساکا ویمنز ٹینس میں جاپان کی ان سیڈڈ میساکی ڈوئی نے ہم وطن کیمیکو ڈیٹ کروم کو 2ہفتوں میں دوسری بار پچھاڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق مونفلز نے 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن راجر فیڈرر کیخلاف سخت مقابلے کے بعد 6-4 ،6-7 (5/7) اور 6-3 سے کامیابی حاصل کی، ومبلڈن اور یوایس اوپن میں جلد ناکامی کے بعد فیڈرر آئندہ ماہ کے ورلڈ ٹور فائنلز میں شرکت کی کوشش کیلیے شنگھائی میں ضروری پوائنٹس حاصل کرنے آئے تھے مگر ناکامی نے پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ اس سے قبل 7 سیڈ جو ولفریڈ سونگا نے کوارٹر فائنلز میں پہنچنے کیلیے کائی نشکوری کو ٹھکانے لگایا ، انھیں ابتدائی سیٹ میں جاپان کے 12 سیڈ نشکوری سے سخت مقابلہ کرنا پڑا لیکن دوسرے سیٹ میں کوئی بھی گیم ہارے بغیر انھوں نے 7-6 (7/5) اور 6-0 سے آسان فتح حاصل کی ۔



لندن میں ایلیٹ فیلڈ میں جگہ پانے کے لیے کوشش کرنے والے ڈیل پوٹرو ریکٹ تھامے بغیر اس وقت لاسٹ 8 میں پہنچے جب حریف جرمن ویٹرن ٹومی ہاس بیک انجری کے سبب میچ سے دستبردار ہوگئے۔ تیسرے راؤنڈ کے دیگر مقابلوں میں جرمنی کے فلوریان میئر نے اسپینش سیڈ 3 ڈیوڈ فیرر کو 6-4 اور 6-3 سے ہرایا، اسپین کے 15 سیڈ نکولس المارگو نے جمہوریہ چیک کے 4 سیڈ ٹومس برڈیچ کو 6-7 (6/8) ، 6-3 اور 7-6 (7/4) سے شکست دی، سربیا کے ٹاپ سیڈ نوواک جوکووک نے اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3, 6-3 سے زیر کرلیا۔ شنگھائی کے تین ٹاپ سیڈز نوواک جوکووک، رافیل نڈال اور فیرر پہلے ہی ٹور فائنلز کیلیے کوالیفائی کرچکے جس میں سیزن کے ٹاپ 8 پلیئرز حصہ لیں گے، ڈیل پوٹرو لندن جانے کے اس مقابلے میں فیرر سے ایک قدم پیچھے پانچویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب اوساکا ویمنز ٹینس کے دوسرے راؤنڈ میں ان سیڈڈ جاپانی پلیئر میساکی ڈوئی نے ہم وطن ویٹرن حریف کیمیکو ڈیٹ کروم کو 2 ہفتوں میں دوسری بار7-6 (7/3)اور 6-4 سے پچھاڑ کر کوارٹر فائنلز میں جگہ پکی کرلی،دیگر میچز میں امریکا کی 6 سیڈ نوجوان پلیئر میڈیسن کیز نے پہلے ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل کے حصول کیلیے چین کی ژینگ شوئی کو 6-4 اور 6-0 سے قابو کرلیا۔ کیز کو اگلے میچ میں ایک اور چینی حریف ژینگ جائی کا سامنا ہے جنھوں نے فرانس کی 9 سیڈ کرسٹینا ملاڈینووک کو 6-7 (5-7) ، 6-2 اور 6-0 سے باہر کا راستہ دکھایا۔ دیگر کوارٹر فائنلز میں کینیڈا کی 5 سیڈ یوگینی بوچارڈ کا سامنا جمہوریہ چیک کی کوالیفائر باربورا زہلاووا اسٹرائیکووا سے ہو گا، جاپانی وائلڈ کارڈ ہولڈر کورومی نارا سلوانیہ کی پولونا ہرکوگ کے مقابل ہوں گی۔