طالبان نے کنڑ جھڑپ میں فضل اللہ کی ہلاکت کی تردید کردی

مسلح تنظیموں میں لڑائی ضرورہوئی تاہم سوات طالبان کاکوئی کمانڈر ہلاک نہیں ہوا، ذرائع


Net News October 11, 2013
غیر ملکی ریڈیو ہمیشہ غلط خبریں چلاتا ہے، فضل اللہ کو کچھ نہیں ہوا، ترجمان طالبان۔ فوٹو: فائل

کالعدم تحریک طالبان نے پاکستان کی سرحد سے متصل افغان صوبہ کنڑمیں پاکستانی اورافغان طالبان کے مابین ہونے والی ایک جھڑپ میں کالعدم تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملافضل اللہ سمیت3 کمانڈروں کی ہلاکت کی اطلاع کی تردیدکردی ہے۔

بی بی سی کے مطابق عینی شاہدین کاکہناہے کہ 2دن قبل افغان صوبہ کنڑ میں غازی آباد کے مقام پر درجنوں افغان طالبان نے پاکستانی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھاجس میں سوات طالبان سے تعلق رکھنے والے 3 شدت پسند کمانڈر ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ بعض ذرائع کا کہناہے کہ لڑائی میں سوات طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ بھی ہلاک ہوگئے ہیں ۔



طالبان ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مسلح تنظیموں کے مابین لڑائی ضرورہوئی ہے تاہم اس میں سوات طالبان کا کوئی کمانڈر یا جنگجوہلاک نہیں ہوا۔ طالبان ذرائع نے اس بات کی بھی تردید کی ہے کہ جھڑپ میں ملا فضل اللہ ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے نامعلوم مقام سے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم مکمل تحقیقات کے بعد ملا فضل اللہ کے مارے جانے کی میڈیارپورٹس کی تردید کرتے ہیں،شاہد اللہ شاہدکا کہنا تھا کہ فضل اللہ صحیح سلامت اورخیریت سے ہیں۔ ایک غیرملکی ریڈیوکا نام لیتے ہوئے شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ وہ ہمیشہ طالبان کے حوالے سے غلط خبریں چلاتاہے۔

مقبول خبریں