ورلڈ کپ 2014 جرمنی اور سوئٹزر لینڈ نے بھی کوالیفائی کرلیا

دفاعی چیمپئن اسپین،انگلینڈ، روس اور بوسنیا ہرزیگووینیا کی ٹیمیں برازیل جانے کا ٹکٹ پانے کے مزید قریب پہنچ گئیں


AFP/Sports Desk October 13, 2013
اب تک براعظم یورپ سے 5 ممالک کی میگا ایونٹ میں شرکت یقینی ہوچکی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

جرمنی اور سوئٹزرلینڈ نے بھی فیفا ورلڈ کپ 2014کیلیے کوالیفائی کرلیا، دفاعی چیمپئن اسپین،انگلینڈ، روس اور بوسنیا ہرزیگووینیا بھی برازیل جانے کا ٹکٹ پانے کے مزید قریب پہنچ گئے۔

کوالیفائنگ رائونڈ کے ابتدائی میچز کی تکمیل پر اب تک براعظم یورپ سے 5 ممالک کی میگا ایونٹ میں شرکت یقینی ہوچکی، منگل کو شیڈول میچز کے نتائج سے مزید4 ممالک گروپ میں ٹاپ پوزیشن لے کر برازیل جانے کا انتظام کرلیں گے، یورپ کیلیے مخصوص 13 نشستوں میں سے باقی چارکا انتخاب 9 گروپس کی دوسرے نمبر پر آنے والی 8 بہترین ٹیموں میں سے ہوگا،ان کے ڈراز کے ذریعے ہوم اینڈ وے میچز کا تعین ہوگا اور اس کی فاتح چار ٹیمیں بھی عالمی کپ میں جگہ بنا سکیں گی۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کی شب منعقدہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچز میں جرمنی نے جمہوریہ آئرلینڈ کیخلاف 3-0 سے کامیابی کی بدولت برازیل جانے کا پروانہ پا لیا، سمیع خدیرا، آندرے شورلے اور میسوٹ اوزل نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

اس کامیابی کی بدولت جرمن ٹیم گروپ'سی' میں 25 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آگئی، اسی گروپ کے دوسرے میچ میں سوئیڈن نے آسٹریا کو 2-1 سے زیر کرکے پلے آف میں رسائی یقینی بنالی، سوئٹزرلینڈ نے البانیہ کو 2-1 سے پچھاڑنے کے بعد گروپ 'ای' میں سرفہرست ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، سلووینیا نے ناروے کو 3-0 سے مات دی جبکہ آئس لینڈ نے قبرص کیخلاف 2-0 سے فتح پائی، اس سے قبل اٹلی اور نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرلیا تھا،گروپ ' آئی' میں موجود دفاعی چیمپئن اسپین نے بیلاروس پر 2-1 سے غلبہ پاتے ہوئے فائنلز میں براہ راست جانے کا امکان روشن کیا تاہم اسے فرانس سے خطرہ درپیش ہے، گروپ ' ایچ ' میں انگلینڈ نے مونٹی نیگرو کو4-1 سے مات دے کر پوزیشن کو بہتر بنالیا، منگل کو آخری مقابلے میں پولینڈ کیخلاف فتح اسے میگا ایونٹ میں پہنچا سکتی ہے۔



دوسرے ہاف کے آغاز میں وین رونی نے میچ پر طاری جمود کا خاتمہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو برتری دلائی، حریف پلیئر برانکو بوسکووک کے'اون گول' نے انگلش ٹیم کی سبقت دگنی بنا دی، مونٹی نیگرو کے ڈیجان ڈیماجینیووک نے خسارہ کم کیا، ٹائون سینڈ اور ڈینئیل اسٹریڈج نے ایک ایک گول بناکر انگلینڈ کی برتری4-1 کی جو اختتام تک قائم رہی، اسے گروپ میں یوکرین پر ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل ہوگئی، یوکرین نے پولینڈ کو1-0 سے زیر کیا جبکہ مالدووا نے سان مارینو کو3-0 سے قابوکیا،گروپ ' ایف ' میں لگسمبرگ کیخلاف 4-0 سے ملنے والی فتح نے روس کو گروپ میں پرتگال پر سبقت دلادی، اسرائیل کیخلاف1-1 سے ڈرا مقابلے نے پرتگال کومشکل میں ڈال دیا۔

شمالی آئرلینڈ کو آذربائیجان نے2-0 سے شکست دی،گروپ 'جی' میں بوسنیا ہرزیگووینیا نے لینکنسٹن کو4-1 سے مات اور یونان نے سلواکیہ پر1-0 سے غلبہ پاکر اپنے کوالیفائی کرنے کا امکان روشن کرلیا،لتھوینیا نے لٹویا کو2-0 سے ہرادیا، گروپ 'ڈی' سے پہلے ہی کوالیفائی کرنے والے نیدرلینڈز نے ہنگری پر8-1 سے ہاتھ صاف کیا، رومانیہ نے آندورا کو4-0 سے ہرایا، ترکی نے اسٹونیا کیخلاف2-0 سے کامیابی حاصل کی، گروپ 'بی ' میں اٹلی اور ڈنمارک کی معرکہ آرائی2-2 سے برابری پر تمام ہوگئی، جمہوریہ چیک نے مالٹا کا4-1 سے شکار کیا، گروپ 'اے' میں ویلز نے ایف وائی آر مقدونیہ کو 1-0 سے مات دی۔ یاد رہے کہ بیلجیئم کی ٹیم کروشیا کو 2-1 سے مات دے کر گروپ 'اے ' میں ٹاپ پوزیشن کے ساتھ میگا ایونٹ میں 2002 کے بعد پہلی مرتبہ رسائی پا چکی تھی۔