شنگھائی ماسٹر ڈیل پوٹرو نے نڈال کا قصہ تمام کردیا

فائنل میں جوکووک سے مقابلہ ہو گا،سونگا کو بھی شکست،ایوگینے بوچارڈ کی جاپان ٹینس کے فائنل میں رسائی


Sports Desk/AFP October 13, 2013
کزہونگ ٹینس سینٹر میں اسپینش اسٹار کو ڈیل پوٹرو نے 6-2،6-4 سے قابو کیا فوٹو: اے ایف پی/فائل

شنگھائی ماسٹرز کے سیمی فائنل میں ڈیل پوٹرو نے ورلڈ نمبرون رافیل نڈال کا قصہ تمام کردیا۔

ارجنٹائنی اسٹار نے فیصلہ کن معرکے میں نووک جوکووک کے مقابل جگہ بنالی، جنھوں نے فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا کو شکست سے دوچار کیا، جاپان ویمنز ٹینس میں کینیڈا کی ایوگینے بوچارڈ کیریئر میں پہلی مرتبہ ڈبلیو ٹی اے فائنل میں رسائی پانے میں کامیاب ہوگئیں، ٹرافی کیلیے انھیں آسٹریلیا کی تھرڈ سیڈ سمانتھا اسٹوسر کا چیلنج درپیش ہوگا، جاپانی امیدوں کا محور کرومی نارا اور امریکا کی میڈیسن کیز کی پیشقدمی سیمی فائنلز میں ختم ہوگئی، لنز ڈبلیو ٹی اے میں ایناایوانووک اور اینجلیک کیربر ٹائٹل کیلیے مدمقابل آئیں گی۔ تفصیلات کے مطابق جاپان اوپن کے فاتح ارجنٹائنی اسٹار ڈیل پوٹرو لگاتار دوسرے ٹائٹل کی جانب بڑھ رہے ہیں، انھوں نے شنگھائی ماسٹرز کے سیمی فائنل میں نئے ورلڈ نمبرون رافیل نڈال کو ٹھکانے لگا دیا۔

کزہونگ ٹینس سینٹر میں اسپینش اسٹار کو ڈیل پوٹرو نے 6-2،6-4 سے قابو کیا، اس سے قبل ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن سربیا کے نووک جوکووک نے فرنچ حریف جوئے ولفریڈ سونگا کو 6-2 اور7-5 سے ہرایا، کیریئر کے بہترین سیزن سے لطف اٹھانے والے رافیل نڈال کیلیے یہ حالیہ دنوں میں دوسری بڑی ناکامی ہے، اس سے قبل چائنا اوپن کے فائنل میں انھیں نووک جوکووک نے مات دی تھی،13 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن کو سیمی فائنل میں ارجنٹائنی حریف نے کسی بھی مرحلے پر سکون کا سانس نہیں لینے دیا، زوردار اسٹروکس کھیلنے میں مشہور ڈیل پوٹرو نے کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے نڈال کو بیس لائن سے تھوڑا دور کھیلتے ہوئے پایا، یہ بات میرے گیم کیلیے موافق تھی، میری سروس اور اعتماد اس سے بڑھا کہ میں انھیں زیر کرسکتا ہوں، مجھے نمبرون پلیئر کیخلاف زیادہ ایسز نہیں لگانی پڑیں۔



اب فائنل میں جوکووک کیخلاف اپنے اس ہتھیار کی ضرورت پیش آئے گی، مجھے امید ہے کہ میں سرب حریف کیخلاف اپنی سروس، فورہینڈ اور بیک ہینڈز شاٹس کی مدد سے پوائنٹس لینے میں کامیاب رہوں گا، مجھے وہاں بھی جارحانہ انداز کھیل برقرار رکھنا ہوگا، ڈیل پوٹرو نے نڈال کیخلاف بھی اپنے فورہینڈ اور بیک ہینڈز شاٹس کا عمدگی سے استعمال کرتے ہوئے پہلے سیٹ میں4-0 کی برتری لی، ان کی سروس دوسرے سیٹ میں محض ایک مرتبہ بریک ہوئی، دوران میچ انھوں نے 28 ونرز لگائیں اور 31 غیرضروری غلطیاں ان سے سرزد ہوئیں، سیمی فائنل میں کامیابی کی بدولت ڈیل پوٹرو نے آئندہ ماہ لندن میں شیڈول سیزن کے اختتامی اے ٹی پی ایونٹ کیلیے بھی کوالیفائی کرلیا، دوسری جانب نڈال نے تسلیم کیا کہ اپنے سے بہتر پلیئر کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

بہت کم ایسا ہوا جب میرے مدمقابل کسی کھلاڑی نے اس معیار کا کھیل پیش کیا ہو جیسا کہ آج ڈیل پوٹرو نے کیا۔دوسری جانب جاپان ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں کینیڈا کی ایوگینے بوچارڈ کیریئر میں پہلی مرتبہ کسی ڈبلیو ٹی اے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں، انھوں نے میزبان امیدوں کی محور کرومی نارا کو 6-2 اور 6-2 سے مات دے کر یہ اعزاز پایا، فائنل تک رسائی کے دوسرے مقابلے میں تھرڈ سیڈ آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے امریکی حریف میڈیسن کیزکو6-1 ، 6-2 سے قابو کیا، اسٹوسر سیزن میں دوسری اور کیریئر کی پانچویں ٹرافی سے ایک قدم کی دوری پر ہیں، انھوں نے2009 میں اوساکا کی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کررکھا ہے۔علاوہ ازیں لنز ویمنز ٹینس کا فائنل سربیا کی ایناایوانووک اور ٹاپ سیڈ جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کے درمیان ہوگا، سیمی فائنلز میں کیربر نے فورتھ سیڈ اسپین کی کارلا سواریز نیواروکو6-2 اور 6-0 سے مات دی، سابق ورلڈ نمبرون ایناایوانووک نے سوئس حریف اسٹیفنی ووئجل کو 6-4 ، 6-4 سے زیر کیا۔