ہفتہ رفتہ روئی کی عالمی مارکیٹوں میں مندی مقامی قیمتوں میں استحکام

امریکی شٹ ڈاؤن بحران حل ہونے، عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد پاکستانی منڈیوں میں تیزی کا رجحان سامنے آ سکتا ہے


Ehtisham Mufti October 14, 2013
درجہ حرارت میں شدت مزید کچھ روز جاری رہی تو کپاس کی فصل شدید متاثر ہوگی، احسان الحق، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

امریکا میں جاری شٹ ڈائون بحران کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران نیویار ک کاٹن ایکس چینج میں روئی کی قیمتوں میں زبردست مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا تاہم مذکورہ دباؤ اور عید الاضحی کی تعطیلات کے باوجود پاکستان میں روئی کی قیمتیں کافی حد تک مستحکم رہیں اور توقع ہے کہ امریکی شٹ ڈائون بحران حل ہونے کی صورت میں پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد تیزی کا رجحان سامنے آ سکتا ہے۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے ''ایکسپریس ''کو بتایا کہ امریکی شٹ ڈائون بحران کے باعث یونائٹڈ اسٹیٹس ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچر (یو ایس ڈی اے) نے 11اکتوبر کو جاری ہونے والی رپورٹ جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں کپاس کی پیداوار،کھپت اور اینڈنگ اسٹاکس بارے رپورٹ جاری کرنا تھی وہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ کاٹن ایڈوائزری بورڈ بھارت نے بھی 10اکتوبر کو جاری ہونے والی رپورٹ جس میں بھارت میں 2013-14کے دوران کپاس کی پیداوار،کھپت ،برآمدات اور اینڈنگ اسٹاکس بارے اعدادو شمار جاری کرنے تھے وہ فی الحال موخر کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم انٹرنیشل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی (آئی سی اے سی) کی جانب سے گزشتہ ہفتے کے دوران جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2013-14کے دوران دنیا بھر میں کپاس کی پیداوار 25.54ملین ٹن ہو گی جو پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 1لاکھ ٹن کم،کھپت 23.51ملین ٹن جو کہ پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 2لاکھ 10ہزار ٹن کم رہے گی جبکہ اینڈنگ اسٹاکس کا اندازہ 20.30ملین ٹن لگایا گیا ہے جو کہ پہلے تخمینوں کے مقابلے میں حیران کن طور پر 10لاکھ 80ہزار ٹن زیاد ہو گا۔



تاہم بھارت میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی شدید بارشوں اور طوفان کے نتیجے میں خدشہ ہے کہ بھارت میں کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار میں کافی کمی ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن ایکسچینج میں حاضر ڈلیوری روئی کے سودے 3.75سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 89.40سینٹ فی پائونڈ ،دسمبر ڈلیوری روئی کے سودے 3.81سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 83.37 سینٹ فی پائونڈ، بھارت میں روئی کی قیمتیں 976روپے فی کینڈی کمی کے بعد 47ہزار 303روپے فی کینڈی ،چین میں روئی کی قیمتیں معمولی اضافے کے ساتھ 20ہزار 303یوآن فی ٹن تک پہنچ گئیں جبکہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں روئی کے اسپاٹ ریٹ بغیر کسی تیزی مندی کے 6ہزار 900روپے فی من تک مستحکم رہے ۔

احسان الحق نے بتایا کہ رواں سال ستمبر کے مہینے میں بارشیں نہ ہونے کے باعث بیشتر پاکستانی کاٹن زونز میں کپاس کی فصل پچھلے کئی سالوں سے بہت بہتر تھی لیکن غیر متوقع طورپر درجہ حرارت میں ستمبر /اکتوبر کے دوران غیرمعمولی اضافے کے باعث کپاس کی فصل کو کافی نقصان پہنچ رہا ہے اور درجہ حرارت میں جاری شدت اگر مزید کچھ روز جاری رہی تو اس سے کپاس کی فصل کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران عید الاضحی کے تعطیلات کے باعث ملک بھر میں روئی کی خریدوفروخت معطل رہنے کا امکان ہے اور توقع ہے کہ سوموار 21اکتوبر سے ملک بھر میں روئی کی ٹریڈنگ دوبارہ شروع ہو گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ چین نے اپنے روئی کے نیشنل ریزروز کیلیے روئی خریداری کی نئی شرائط متعارف کرائی ہیں۔ چائنہ نیشنل کاٹن ریزروز کارپوریشن (سی این سی آر سی)کے مطابق روئی فروخت کرنے والی پارٹیوں کو 500یوآن فی ٹن کی ادائیگی اس وقت کی جائے گی جب روئی کا فائبر اور اس کی پیکنگ سی این سی آر سی کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے اسٹینڈرڈ کے مطابق ہو گی۔ جس میں خاص طور پر روئی کے فائبر کا رنگ، اس کی مضبوطی، اس کی لمبائی اور اس کے خالص پن کا معیار نئے اسٹینڈرڈز کے مطابق ہونا چاہیے۔

مقبول خبریں