ویمنز ایمرجنگ ٹیمزایشیا کپ :پاکستان کو مسلسل دوسری ناکامی کا سامنا

اسپورٹس رپورٹر  پير 28 اکتوبر 2019
بلو شرٹس نے 7وکٹ سے کامیابی پائی فوٹو: فائل

بلو شرٹس نے 7وکٹ سے کامیابی پائی فوٹو: فائل

 لاہور:  اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 میں پاکستان کو بھارت سے ناکامی کا سامنا رہا۔

بلو شرٹس نے 7وکٹ سے کامیابی پائی، پاکستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 106رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق نیوی گراؤنڈ کولمبو میں قومی ویمنز ایمرجنگ کرکٹ ٹیم کی کپتان رامین شمیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا، پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

طوبیٰ حسین 32 اور کپتان رامین شمیم 31 رنز بنا کر کچھ ہمت دکھاپائیں، 7کھلاڑی انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچانے میں بھی ناکام رہیں، دیویکا ودیا نے 4 اورسْشری دبیادرشنی نے 3 کھلاڑیوں پویلین چلتاکیا، بھارتی ویمنز ایمرجنگ ٹیم نے ہدف 30اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، نزہت پروین 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورربنیں، فاطمہ ثناء خان، سیدہ عروب شاہ اور نشرہ سندھو نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔