اسٹاک ہوم ٹینس اعصام نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی

ٹاپ سیڈ جوڑی نے فاراہ مقصود اور جون سباستین کو ٹھکانے لگایا۔


Sports Desk October 15, 2013
مین سنگلز میں برنارڈ ٹومک کیلیے آغاز ہی انجام بن گیا۔ فوٹو: فائل

اسٹاک ہوم اے ٹی پی میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق اوران کے جوڑی دار جین جولین روجرز نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

ٹاپ سیڈ جوڑی نے پہلے رائونڈ میں کولمبیا کے فاراہ مقصود اور جون سباستین کو ٹھکانے لگادیا، سنگلز مقابلوں میں آسٹریلیا کے نمبرون پلیئر برنارڈ ٹومک کیلیے آغاز ہی انجام بن گیا،کریملن کپ میں میکائیل کوکوشین اور آندرے گلوبوف نے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، ویمنز سنگلز میں کارلا سواریز نیوارو، میگدیلینا ریبریکووا اور کارلا زاکاپولووا نے بھی اپنے میچزجیت لیے، لگسمبرگ ویمنز ٹینس میں 6سیڈ مونا بارتھیل کو پچھاڑنے والی سوئس پلیئر اسٹیفنی ووئجل نے اگلے مرحلے میں قدم رکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک ہوم ہارڈ کورٹ مینز ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور ان کے ڈچ پارٹنر جین جولین روجرز نے پہلا میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے کولمبیا کے فاراہ مقصود اور جون سباستین کو دلچسپ مقابلے کے بعد7-6 (7/3) اور 6-4 سے زیر کیا ، دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ کے ریوین کلیسن اور امریکی پلیئر ایرک بوٹریک نے کامیابی کی بدولت رائونڈ 8 میں قدم رکھ دیا، انھوں نے جرمنی کے ڈومینک میفرٹ اور آسٹریا کے فلپ اوسلوالڈ کو 6-3 اور6-2 سے مات دی، سنگلز مقابلوں میں آسٹریلیا کے نمبرون پلیئر برنارڈ ٹومک کو پہلے ہی رائونڈ میں امریکی پلیئرجیک سوک نے 6-4 اور6-2 سے شکست دے دی۔



جرمنی کے جین لینارڈ اسٹرف نے سوئیڈش حریف میلوئس سیکولک کو 6-3 اور6-0 سے ہرادیا، فرانس کے بنیوئٹ پائر نے کولمبیا کے سانتیاگو گیرالڈو کو 6-4 اور6-4 سے قابو کرلیا۔کریملن کپ کے آل اٹالین مقابلے میں پائولو لورینزی کے مقابل آنے والے فلیپو وولیندری 6-3،7-5 اور1-1 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہوگئے، لورینزی نے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، قازقستان کے میکائیل کوکوشین نے روس کے الیکس بوگومولوف جونیئر کیخلاف 6-4 اور 6-1 سے کامیابی پائی، ہموطن آندرے گلوبوف نے یوکرینی حریف اولیکسینڈر نیڈویوسوف پر 6-2 اور 7-5 سے غلبہ پایا۔

ویمنز سنگلز میں اسپین کی کارلا سواریز نیوارو نے روسی حریف ویرا ڈوشیووینا کو 6-4 اور 6-3 سے قابو کرلیا،سلواکیہ کی میگدیلینا ریبریکووا نے قازقستان کی کیسنیا پاروک کا قصہ 7-5 اور6-2 سے تمام کردیا، جمہوریہ چیک کی کارلا زاکاپولووا نے مونٹی نیگرو کی ڈینکا کووینک کو 6-4 اور6-3 سے زیر کیا۔لگسمبرگ ویمنز ٹینس میں سوئس پلیئراسٹیفنی ووئجل نے 6سیڈ مونابارتھیل کو 1-6،6-4 اور7-6 سے قابو کرلیا، چائنیز تائپے کی سو وائی ہائش نے سلواکین کوالیفائر کرسٹینا کوسووا کو 6-4،7-6 اور6-3 سے زیرکیا، پولینڈ کی کیٹریزینا پائٹر نے بیلجیئن حریف کرسٹن فلپکنز کو 6-4 اور6-2 سے ہرایا۔