ورلڈ کپ فرانس نے سیڈنگ سسٹم کو غیرمنصفانہ قرار دیدیا

فیفا سے آئندہ ہفتے کے ڈرا زسے قبل عمل کا دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست کرے گا


Sports Desk October 15, 2013
ورلڈ اور یورپیئن چیمپئن اسپین گروپ ون میں تین پوائنٹس آگے ہے، وہ اپنے فائنل کوالیفائر میں میزبان جورجیا کا سامنا کرے گا۔ فوٹو: فائل

فرانس نے نومبر میں شیڈول ورلڈ کپ پلے آف کے سیڈنگ سسٹم کو غیرمنصفانہ قرار دے دیا، وہ فٹبال کی عالمی باڈی فیفا سے آئندہ ہفتے کے ڈراز سے قبل اس عمل کا دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست کرے گا۔

ورلڈ اور یورپیئن چیمپئن اسپین گروپ ون میں تین پوائنٹس آگے ہے، وہ اپنے فائنل کوالیفائر میں میزبان جورجیا کا سامنا کرے گا، پلے آف میں یقینی کامیاب ہونے والا دوسری پوزیشن پر موجود فرانس کو فن لینڈ کی میزبانی کرنی ہے۔ پلے آف سیڈز کا فیفا رینکنگ کے تحت تعین کیا جائے گا،25 ویں پوزیشن کے ساتھ فرانس کو ممکنہ طور پر فٹبال کے ایک اہم ملک سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ فرانس کو یقین ہے کہ سسٹم میں خامیاں ہیں، صدر فیڈریشن نوئیل لی گریٹ نے کہاکہ ہم فیفا سے رابطہ کرنے جارہے ہیں، پانچ کے گروپ اور 6کے گروپ کے درمیان کچھ ناانصافی ہے، دوسرے گروپ میں ہمارے حریف زیادہ پوائنٹس اسکور کرنے کے قابل ہوں گے۔



کوچ ڈیڈیئر ڈیشیمپس سے جب پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے معاملے پر لی گریٹ سے گفتگو کی تو انھوں نے بتایا کہ مجھے اپیل کے بارے میں معلوم نہیں ہے، میں نہیں جانتا کہ میرے صدر معاملہ اٹھائیں گے، میں ناانصافی کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا لیکن حقیقت یہی ہے کہ ہم پر پابندیاں ہیں، ایک اخلاقی نقطہ نظر سے میں کہہ سکتا ہوں کہ پانچ کے گروپ میں ہونا پہلے ہی پیچیدگی اور ہمیں چند پوائنٹس کی کمی کا سامنا بھی ہے۔ کپتان ہوگو لورس کو بھی1998 کی ورلڈ چیمپئن اور2006 کا فائنل کھیلنے والی ٹیم کے سیڈڈ نہ ہونے پر پریشانی ہے، وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پلیئرز ہی رینکنگ کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہیں، انھوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں کتنا زیادہ کام کرنا ہوگا، فرانس کو اس کی تاریخی حیثیت کی وجہ سے سیڈڈ ہونا چاہیے تھا، ہماری رینکنگ نے ہمیں مشکل پوزیشن میں ڈال دیا لیکن ہم اس کے ساتھ مقابلہ کریں گے، اس کیلیے ہمیں سخت محنت اور مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔