نواز شریف سروسز اسپتال سے ڈسچارج

مریم نواز کی روبکار جاری نہ ہونے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اسپتال میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا


ویب ڈیسک November 05, 2019
نوازشریف کی محدود چہل قدمی اور ورزش سمیت کھانے پینے کے حوالے سے بھی اجازت دے دی گئئ: فوٹو: فائل

KARACHI: سابق وزیراعظم نوازشریف کو ان کے کہنے پر سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے تاہم مریم نواز کی روبکار جاری نہ ہونے پر نواز شریف نے اسپتال میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف کو ان کے کہنے پر سروسز اسپتال سے چھٹی دے دی گئی، جس کے بعد انہیں شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کرنے کی تیاریاں جارتھیں اور انہیں لینے کے لئے شریف میڈیکل کمپلیکس کی ایمبولینس بھی پہنچ گئی تھی تاہم مریم نواز کی روبکار جاری نہ ہونے پر نواز شریف نے سروسز اسپتال میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا۔

نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی کی ایمبولینس سے اپنا سامان نکلوا کر ایمبولینس خالی واپس بھیج دی جب کہ سابق وزیراعظم کی والدہ بھی سروسز اسپتال سے روانہ ہوگئیں، ذرائع شریف فیملی کے مطابق نواز شریف کو کل 12 بجے سروسز ہسپتال سے شفٹ کیا جائے گا۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نواز شریف کے کمرے میں موجود ہیں، ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی تین بیماریوں پلیٹ لیٹس، دل کا علاج اور خون کی شریانیں بلاک ہونے کا علاج کررہے ہیں۔ نوازشریف کی محدود چہل قدمی اور ورزش سمیت کھانے پینے کے حوالے سے بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میڈیکل بورڈ کا نوازشریف کو بیرون ملک بھیجنے کا مشورہ

ڈاکٹر محمود ایاز کے مطابق دوران علاج دل کا اٹیک ہوا تھا، نواشریف کا بلڈ پریشر کنٹرول ہے جب کہ شوگرکنٹرول کررہے ہیں، کچھ ٹیسٹ جنیٹک ہیں جو ابھی کرنے ہیں اوریہ ٹیسٹ بیرون ملک سے ہی ہوں گے، خون کی شریانیں جو بند ہیں اس حوالے سے ٹیسٹ بھی تجویز کئے ہیں تاہم جب تک نوازشریف چاہیں گے ان کا علاج سروسزمیں ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کی بیماری کی تشخیص 14 روز گزرنے کے باوجود بھی نہ ہوسکی تھی جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کوبیرون ملک بھیجنے کا مشورہ دیا تھا۔

 

مقبول خبریں