حکومت نے صنعتکاروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا پیاف

بجلی گیس یا ٹیکسوں میں چھوٹ کی صورت میں اس بھاری نقصان کا ازالہ کیا جائے.


Numainda Express October 20, 2013
جمعہ کی اضافی چھٹی کافیصلہ کاروبار دوست قرار نہیں دیا جا سکتا، ملک طاہر

حکومت نے عید الاضحی کے موقع پر 3 چھٹیوں کے بجائے پورا ہفتہ کارخانے اور کاروباری مراکز بند کرکے معاشی سرگرمیوں کا قتل اور صنعت کاروں کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا، اس لیے بجلی گیس یا ٹیکسوں میں چھوٹ کی صورت میں اس بھاری نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

گزشتہ روزجاری کردہ بیان میں پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے لیے تین چھٹیاں کی گئی تھیں جو اس تہوار کے لیے کافی تھیں لیکن حکومت نے کسی مطالبے کے بغیر سستی مقبولیت کیلیے از خود جمعہ کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرکے پورا ہفتہ معاشی اور کاروباری سرگرمیوں پر جمود طاری کر دیا کیونکہ ہفتہ کو سرکاری دفاتر اور بینک پہلے ہی بند رہتے ہیں۔ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے دنیا میں جن ملکوں نے اقتصادی ترقی کی ہے انہوں نے زیادہ چھٹیاں کرنے اور آرام طلبی کی زندگی کے بجائے زیادہ کام کو ترجیح دی ہے۔



اپنے ایک مذہبی تہوار کے لیے پورا ہفتہ ملوں فیکٹریوں کارخانوں اور کاروباری مراکز کو بند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ پورا ہفتہ فیکٹریاں بند رہنے سے برآمدی آرڈرز کی تعمیل و تکمیل نہیں ہو سکی، ورکرز کی تنحواہوں اور دیگر اخراجات کا بوجھ حسب معمول فیکٹری مالکان کو برداشت کرنا پڑا۔ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ بجلی گیس کی کمیابی اور گرانی کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافوں اور اضافی ٹیکس نے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور بڑی مشکل سے برآمدی آرڈرز کی تکمیل ہو پاتی ہے۔

پیاف کے چیئرمین نے کہاکہ حکومت میں موجود بعض عناصر اقتصادی بحالی کے پروگرام کو ثمر آور دیکھنا پسند نہیں کرتے اس لیے کاروبار اور صنعت دشمن فیصلوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے از خود جمعہ کی اضافی چھٹی کا فیصلہ کسی طور بزنس دوست اقدام قرار نہیں دیا جا سکتا بلکہ اس فیصلہ سے فیکٹری مالکان کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جمعہ کی از خود چھٹی کے بدلے کاروباری طبقہ کو گیس بجلی کے بلوں میں رعایت یا ٹیکسوں میں چھوٹ کی صورت میں ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پر زور دیا کہ ملک میں زیادہ چھٹیوں کے بجائے اقتصادی ترقی کے خواب کو تعبیر دینے کے لیے چھٹیاں کم سے کم کی جائیں۔

مقبول خبریں