اثاثے نہ بتانے والے ایف بی آرملازمین کیخلاف کارروائی کافیصلہ

پہلے مرحلے میں پرفارمنس الاؤنس بند، پھر ملازمت سے معطل کر دیا جائے گا


Numainda Express October 20, 2013
30جون 2012ڈیڈلائن تھی،اکثرنے اپنے اوربیوی بچوں کے اثاثے نہیں بتائے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنے اور اپنے بیوی بچوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اور ملک بھر میں قائم تمام فیلڈ فارمشنز کے ملازمین و افسران کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا کہ ایف بی کی طرف سے جاری کردہ سرکلر میں ملازمین و افسران کو وارننگ دی گئی تھی کہ وہ جلد سے جلد اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کر دیں اور سرکلر میں واضح کیا گیا تھا کہ ایف بی آر کی طرف سے متعدد مرتبہ ریمائنڈر بھجوایا جاچکا ہے جس میں ملازمین و افسران سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرائیں مگر اس کے باوجود ابھی تک ملازمین و افسران کی اکثریت نے اپنے اور اپنے بیوی، بچوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں ۔



جس پر ایف بی آر کے اعلی حکام نے سخت تشویش اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ وارننگ میں ملازمین و افسران سے کہا گیا تھا کہ اپنے اور اپنے بیوی بچوں کے پاس 30 جون 2012 تک موجود اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کریں گے تو ان کا بنیادی تنخواہ کے برابر 100فیصد پرفارمنس الاؤنس بند کردیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اب ایف بی آر نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں پرفارمنس الاؤنس بند کیا جائے گا اور اس کے باوجود بھی اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والے افسران وملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور انہیں ملازمت سے معطل کردیا جائے گا۔