عوام نے حکومت کے خاتمے کی دعائیں شروع کردیں شجاعت

جو کچھ یہ حکومت کررہی ہے اس پر سب سے زیادہ خود شیرکے نشان پر مہر لگانے والے شرمسار ہیں۔سربراہ ق لیگ


INP October 21, 2013
بلدیاتی انتخابات میں حکومتی امیدواروں کو شکست دینگے،سربراہ ق لیگ۔ فوٹو: فائل

LONDON: ق لیگ کے سربراہ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جو کچھ یہ حکومت کررہی ہے اس پر سب سے زیادہ خود شیرکے نشان پر مہر لگانے والے شرمسار ہیں۔

عوام کو مہنگائی، کرپشن، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے سہانے خواب اور دودھ و شہد کی نہریں بہانے کے وعدے کرکے یہ حکومت اقتدار میں آئی لیکن حکومت صرف اور صرف آئی ایم ایف سے معاہدے کی پاسداری کررہی ہے، صرف ساڑھے 3 ماہ بعد ہی عوام نے اس حکومت کے خاتمے کیلیے دعائیں شروع کردی ہیں، فیصل آباد میں ن لیگ کی عبرتناک شکست نے مقبولیت کے سارے پول کھول دیے ہیں۔



اتوارکو ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ن لیگی قیادت نے اقتدار ملنے کے بعد اپنا اصل چہرہ دکھادیا،حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلائے، اگر ایسا نہ ہوسکا تو آنے والا وقت خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے، گڈ گورننس کے دعویداروں نے عوام کو کنگال کرکے ان کا جینا محال کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات چاہے جماعتی ہوں یا غیر جماعتی دونوں صورتوں میں ق لیگ بھرپور حصہ لے گی اور ہم حکومتی امیدواروں کو شکست سے دوچار کریںگے۔